برٹش پاکستانی ڈاکٹرز کی نمائندہ تنظیم کے انتخابات مکمل، ڈاکٹرعثمان امیر صدر منتخب – Kashmir Link London

برٹش پاکستانی ڈاکٹرز کی نمائندہ تنظیم کے انتخابات مکمل، ڈاکٹرعثمان امیر صدر منتخب

لوٹن (کشمیر لنک نیوز) برطانیہ میں برٹش پاکستانی ڈاکٹرز کا نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز یوکے کا سال 2022کا انتخابی عمل مکمل ہوگیا جسکے تحت ڈاکٹر عثمان امیر خان صدر، ڈاکٹر علی رضا جنرل سیکرٹری، ڈاکٹرراشدریاض میڈیا ہیڈ، ڈاکٹر صائمہ نیاز سوشل سیکریٹری منتخب ہوئیں۔ واضع رہے تنظیم کے برطانیہ بھر میں علاقائی سطح پر بھی انتخابات مکمل اور چیپٹر ہیڈز اور ایگزیکٹو ممبرز کا انتخاب مکمل ہوچکا ہے۔

ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز (اے پی پی ایس) کا مقصد پاکستانی اوریجن کے ڈاکٹروں اور صحت کے پیشہ ور افراد کے درمیان روابط بنانا، معلومات، ماہرانہ مشورے فراہم کرکے مریضوں کی دیکھ بھال اور تعلیم کے اعلیٰ ترین معیارات کو فروغ دینا ہے۔ یہ تنظیم پاکستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو جدید بنانے کے لیے بات چیت، ہیلتھ اسٹالز اور بروشرز کے ذریعے برطانیہ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں صحت کے بارے میں آگاہی بڑھانے پر بھی کام کر رہی ہے۔

تنظیم کے ممبران اعلیٰ تعلیم یافتہ اور پیشہ ورانہ مہارت کے حامل ہیں یہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں صحت کے سب سے بڑے ادارے این ایچ ایس میں مختلف عہدوں پر بھی فائز ہیں۔ ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز یوکے برطانیہ اور پاکستان سمیت ترقی پذیر دنیا میں خیراتی منصوبوں پر فلاحی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ سبکدوش ہونے والے تنظیم کے سابق صدر ڈاکٹر غلام عباس اور بورڈ ممبرز نے نومنتخب عہدیداروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes