لوٹن (کشمیر لنک نیوز) بھارتی ریاست گجرات اور راجھستان کے ڈپٹی برطانوی ہائی کمشنر نے جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کا خیر سگالی دورہ کیا۔ یہ دورہ مرکزی جماعت اہلسنت یو کے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ و مہتمم جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ لوٹن خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کی دعوت پر کیا گیا۔ڈپٹی ہائی کمشنر پیٹر کک نے واضح کیا کہ وہ برطانیہ کے مختلف شہروں کے دورے کر رہے ہیں تاکہ برطانیہ کے شہریوں کو ہندوستان کے سفر چاہے وہ کاروباری مقاصد کے لئے ہوں یا مذہبی مقامات کی زیارتوں کے لیے، ان سفر کے حوالوں سے حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے، اس دورے کا مقصد بھی یہی ہے انہوں نے کہا کمیونٹی کے چیدہ لوگوں کا مل بیٹھنا اور باہمی درپیش مسائل پر سوچ بچار کرنا بہت ہی نیک شگون ہے۔
مہمان شخصیت کا کہنا تھا کہ گو یہ میرا پہلا دورہ ہے مگر آخری نہیں ہوگا، اب ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا، ہماری کوشش ہو گی کہ ہم لندن میں انڈین ہائی کمشنر کو باور کرائیں کہ برطانیہ میں برطانوی شہریت کے حامل افراد کو اپنی روحانی درگاہوں کی زیارت کیلئے ویزا کے حصول کیلئے کسی قسم کی دشواری نہیں ہونی چاہئے۔
ڈپٹی ہائی کمشنر نے لارڈ قربان حسین کی ایک تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ملاقاتیں وقت کی اہم ضرورت ہیں اور ہم اکتوبر 2022 سے اس قسم کےدوروں کا پروگرام ترتیب دیں گے، انہوں نے کہا میری پیدائش کولکتہ میں ہوئی ہے، میں اسکاٹ لینڈ کا رہائشی ہوں مگر کولکتہ میں بھی میرا بچپن کا رشتہ ہے، اسی طرح گو آپ برطانیہ میں ہیں مگر آپ پاکستان ،آزاد کشمیر سے اپنے تعلق اور رشتے کو بھی قائم کئے ہوئے ہیں جو ایک بہت اہم اور ضروری ہے۔ لارڈ قربان حسین نے کہا کہ بھارت کے سفارت خانے کو چاہئے کہ وہ برطانوی پاکستانی اور کشمیری زائرین کو بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مذہبی مقامات کی زیارتوں کے لیے ویزے میں آسانی پیدا کرے۔