چارلز اور کمیلا کا بطور بادشاہ اور ملکہ مصروفیات کا آغاز، جنوب ایشیائی کمیونٹی کے اعزاز میں استقبالیہ

ایڈنبرا (کشمیر لنک نیوز) آنجہانی ملکہ برطانیہ کی رحلت کا سوگ اختتام پذیر ہوتے ہی کنگ چارلز نے اپنی مصروفیات کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے۔ تارکین وطن سے شاہی خاندان کی ہمدردیوں اور الفت سے سبھی آگاہ ہیں، کنگ چارلز نے بھی اس روائت کو آگے بڑھاتے ہوئے سب سے پہلے برطانیہ میں آباد سائوتھ ایشین کمیونٹیز کی اہم شخصیات کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ ایڈنبرا کے میری روڈ پیلس میں منعقدہ اس تقریب میں دوسو سے زائد اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔

کنگ چارلس نے ان ممالک کےافراد کی برطانوی معاشرےمیں ہیلتھ سروس سے لیکر آرٹس میڈیا تعلیم کاروبار اور دیگرشعبوں میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ کنگ چارلس کااپنی سرکاری تقریبات کے آغاز کےپہلے دن جنوبی ایشیا کےافراد کوڈنر پر مدعو کرناان افراد کے لئے محبت اور اہمیت کوظاہر کرتا ہے جس سے معاشرے میں کثیرالجہتی کلچرل کو فروغ ملے گا۔
پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال کے برطانیہ میں آباد تارکین کی اس محفل میں بادشاہ اور ملکہ شرکا کیساتھ گھل مل گئے اور بڑے خوشگوار موڈ میں ان سے گپ شپ کی۔ پاکستان ہائی کمشنر معظم احمد خان نے بھی خصوصی شرکت کی اور اپنے وطن کی نمائیندگی کی۔