اوورسیز کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف مائل کرنا وقت کی ضرورت ہے

مانچسٹر (محمد فیاض بشیر) سماجی و کاروباری شخصیت امتیاز احمد رانا نے امریکہ سے آئے پاکستانی نژاد بزنس مین قیصر بٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں امیر احمد خان، چوہدری جعفر ،ڈاکٹر زاہد سدھو،ظہیر علی اور شاف نے شرکت کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری بارے سیر حاصل گفتگو کی۔ اس موقع پر قیصر بٹ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس وبا کی وجہ سے معاشی بدحالی کا شکار ہوا لیکن پوری امید ہے مستقبل میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور اوورسیز میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات وہاں بے دھڑک سرمایہ کاری کرسکیں گی۔
چوہدری جعفرکا کہنا تھا کہ ہم برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کے سرمایہ کاروں پر زور دیں گے کہ وہ پاکستان جا کر لازمی سرمایہ کاری کریں۔ عشائیہ کے میزبان امتیاز احمد رانا نے کہا کہ میں امریکہ سے آئے مہمان قیصر بٹ و دیگر دوست احباب کا یہاں آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کا مذید کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار سنہری مواقع موجود ہیں اور سب پرامید ہیں کہ پاکستان جلد کشیدہ صورتحال سے نکل آنے کے بعد ترقی کی منازل طے کرے گا ۔