کشمیر کونسل سویڈن کے زیراہتمام آن لائین کشمیر کانفرنس، دنیا بھر سے سکالرز کی شرکت – Kashmir Link London

کشمیر کونسل سویڈن کے زیراہتمام آن لائین کشمیر کانفرنس، دنیا بھر سے سکالرز کی شرکت

سٹاک ہوم (کشمیر لنک نیوز) سویڈش دارالحکومت میں کشمیر کونسل سویڈن کے زیراہتمام ایک آن لائین کانفرنس ہوئی جس میں دنیا بھر سے سکالرز نے حصہ لیا اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے اقوام عالم کے سوئے ہوئے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔
اس آن لائین کانفرنس میں معروف کشمیری رہنما غلام نبی فائی،برطانیہ سے ہاؤس آف لارڈ برطانیہ کے ممبر لارڈ نزیر احمد،برطانیہ سے معروف وکیل اور سابق چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن بیرسٹر امجد ملک، امریکہ سے ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ساجد تارڈ،سویڈش کونسلر برکت حسین،ملائیشیا سے وقار محمد نے آن لائن خطاب کیا۔


غلام نبی فائی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو ایسے اقدام کرنے چاہئے جس سے اقوامِ متحدہ میں کشمیر کیلیے خصوصی نمائندہ مقرر کیا جا سکے جو کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھ سکے انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیر جل رہا ہے، ان کی نسل کشی کی جا رہی ہے، اقوام متحدہ کی آنکھوں کے سامنے یہ سب کچھ ہو رہا ہے، اقوام متحدہ محض دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں توازن کے بیانات دے کر اپنی ذمہ داریوں سے مبرا نہیں ہو سکتا۔


برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹی کشمیر گروپ کے صدر لارڈ نزیر احمد نے خطاب میں کشمیر سمیت آزادی کی دیگر تحریکوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے عالمی بے بسی پر افسوس کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا جہاں وہ اپنا اخلاقی حق گردانتے وہاں وہ اپنا فرض بھی تصور کرتے ہیں ۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ کشمیر کو دنیا کے ہر ملک اور سیاست میں زیر بحث لانے کیلئے ایک عالمی مسئلے کے طور پر اجاگر کرنا چاہیے کیونکہ ہمارے کشمیری بہن بھائی ظالم بھارتی فوجوں کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہو رہے ہیں اور مارے جا رہے ہیں انہوں نے عالمی میڈیا کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ عالمی میڈیا کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرے اور مقبوضہ کشمیر میں برپا کیے جانے والے بھارتی ریاستی مظالم اور تحریکِ آزادی کشمیر کی اصل تصویر کوپیش کرے-

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ساجد تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر پر جاری غاصبانہ قبضہ ختم کرنے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے، انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کشمیر پالیسی کے حوالے سے بھی نقطہ نظر بیان کیا اور کہا کہ وہ کئی بار انڈیا کو ثالثی کی پیشکش کر چکے ہیں انہوں نے امریکہ میں انڈین اور اسرائیلی لابی اور ان کی انوسٹمنٹ کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان کو امریکہ میں کشمیر ایشو پر لابنگ کرنے کیلئے اپنی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈپٹی ہیڈ آف مشن عرفان احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضہ کو پوری دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔

سویڈن کی بڑی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹ کے سینئر رہنما آندرش ٹائیگر نے اپنے خطاب میں مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بات کی اور کہا کہ سویڈن مقبوضہ کشمیر کے خالات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور سویڈن کبھی بھی انڈیا کے کسی بھی قسم کے غیر انسانی فعل کی حمایت نہیں کرے گا۔
چیئرمین جاسمین فاؤنڈیشن سعید شیخ، چیئرمین کشمیر کونسل سویڈن ظفر اقبال چوہدری، معروف سکالر ڈاکٹر عارف محمود کسانہ اور مسلم لیگ ن سویڈن کے انفارمیشن سیکرٹری عمیر ضیا بھٹی سمیت دیگر مقررین نے کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے اپنے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ کشمیر کی آزادی میں صرف کشمیریوں کی محنت نہیں بلکہ سارا پاکستان ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
تقریب میں کشمیر کونسل سویڈن کے سینئر نائب صدر ملک شہزاد،سیکرٹری جنرل وحید احمد ،نائب صدر بلال مصطفی ،پاکستان اوورسیز کمیونٹی سٹاک ہوم کے صدر محمد آصف بٹ، پاکستان کرکٹ اینڈ کلچرل سوسائٹی کے صدر مقصود خواجہ ،خواجہ ابو بکر بٹ، سویڈش صحافی رالف ،محمد ندیم،محمد ثاقب،محمد طاہر و دیگر نے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes