خصوصی بچوں کی امداد کیلئے قائم جاسمین فائونڈیشن سویڈن کی مالمو میں آگاہی مہم – Kashmir Link London

خصوصی بچوں کی امداد کیلئے قائم جاسمین فائونڈیشن سویڈن کی مالمو میں آگاہی مہم

مالمو (کشمیر لنک نیوز) پاکستان کے خصوصی بچوں کی امداد کیلئے سویڈن میں قائم تمظیم جاسمین فاؤنڈیشن کی آگاہی مہم کے سلسلہ میں سویڈن کے دوسرے بڑے شہر مالمو میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جسکا مقصد کمیونٹی کو تنظیم کی سرگرمیوں سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔

تقریب کی صدارت سویڈن کی معروف کاروباری شخصیت جمشید گل نے کی، مہمان خصوصی جاسمین فاؤنڈیشن کے بانی و چیئرمین شیخ سعید تھے جبکہ اس تقریب کا اہتمام مالمو میں مقیم سماجی شخصیات زبیر حسین عامر جنجوعہ اور محمد سرور کی طرف سے کیا گیا تھا۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ سعید نے کہا کہ خصوصی تعلیم اورتربیت، جسمانی اور ذہنی معذور افراد کابنیادی حق ہے خصوصی بچوں کی خدمت کا یہ عمل ہمارا مذہبی فریضہ ہی نہیں بلکہ اخلاقی اور معاشرتی ذمہ داری بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خصوصی اور معذور بچوں کے معاملات میرے دل کے انتہائی قریب ہیں۔ ان بچوں پر تھوڑی سی توجہ ان بچوں میں زندگی کی امنگ پیدا کر سکتی ہیں۔ خصوصی افراد کی صلاحیتوں کواجاگرکرکے انہیں باعزت روزگار کمانے کے قابل بنایاجاسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جاسمین فاؤنڈیشن پاکستان میں اپنا پہلا ادارہ سیالکوٹ میں قائم کر رہا ہے جہاں تیزی سے پراجیکٹ پر ابتدائی کام جاری ہے۔

جمشید گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپیشل بچوں کیلئے عوام میں بڑے پیمانے پرآگاہی پیدا کی جائے اور بچوں کی معذوری کو مصیبت سمجھ کر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرنے کی بجائے اُن بچوں کا عملی طور پر سہارا بننے اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے مالمو کے کشمیری رہنما خوشحال خان، کاروباری شخصیت جاوید اعظم، ڈاکٹر تیمور عباس، وحید احمد، تقریب کے آرگنائزر زبیر حسین ودیگر نے بھی خطاب کیا اور فاؤنڈیشن کے قیام اور اس عظیم کام کی شروعات پر اپنے ہر قسم کے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes