کورونا متاثرین کی بے لوث خدمات پر اسکاٹ لینڈ کی پاکستانی نژاد شخصیات کو خراج تحسین – Kashmir Link London

کورونا متاثرین کی بے لوث خدمات پر اسکاٹ لینڈ کی پاکستانی نژاد شخصیات کو خراج تحسین

گلاسگو (کشمیر لنک نیوز) خدمت انسانی سے جڑے بے لوث افراد کی کمی مادیت پرستی سے بھرے معاشرے میں آج بھی نہیں ہے، اگر غور کیا جائے تو ہمارے اردگرد سینکڑوں ایسے لوگ موجود ہوتے ہیں جو دکھاوے کیلئے نہیں بلکہ مخلوق خدا کی خدمت کیلئے خاموشی سے مگن ہوتے ہیں، ایسے افراد کی حوصلہ افزائی اشد ضروری ہے۔

اسکاٹ لینڈ کی ایسی دو پاکستانی نژاد شخصیات کو حکومت پاکستان کی طرف خراج تحسین پیش کیا گیا۔ گلاسگو کے سماجی کارکن حامد سلیم اور ایڈنبرا کی ڈاکٹر نگہت نور کے اعزاز میں ایک تقریب پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں ہوئی۔ جس میں قونصل جنرل آف پاکستان سید زاہد رضا نے وزیر خارجہ پاکستان کی طرف سے دونوں افراد کو خدمت کے سرٹیفکیٹ پیش کیے۔

ڈاکٹر نگہت نور ورلڈ کیئر فائونڈیشن کے علاوہ چیرٹی کی دیگر کئی تنظیموں میں بھی کام کررہی ہیں، کورونا بحران کے دوران انہوں نے بے شمار افراد کی مدد کی اور لوگوں کے گھروں میں جاکر کھانا پہنچایا۔
حامد سلیم جوکہ گلاسگو کی سینٹرل مسجد پر رضاکارانہ کام کرتے ہیں، کورونا بحران کے وقت اپنی ٹیکسی سروس چھوڑ کر ہمہ وقت کورونا کے مریضوں کو گھروں سے ہسپتال پہنچانے، ان کی میتوں کو قبرستان لے جانے اور دیگر معاملات میں اپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر متاثرین کی مدد کرتے رہے۔

تقریب کا آغاز مسعود سلیم قریشی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد راحت زاہد نے دونوں افراد کا تعارف کرایا، قونصل جنرل سید زاہد رضا نے ان کی خدمات کو سراہنے کے ساتھ سرٹیفکیٹ ملنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes