قانونی نقل مکانی کے مسائل سے نبٹنے کیلئے پاکستان ایمبیسی ویانا اور آئی سی ایم پی ڈی میں معاہدہ – Kashmir Link London

قانونی نقل مکانی کے مسائل سے نبٹنے کیلئے پاکستان ایمبیسی ویانا اور آئی سی ایم پی ڈی میں معاہدہ

ویانا (کشمیر لنک نیوز) انٹرنیشنل سنٹر برائے مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ نے پاکستان کیساتھ ایک معاہدہ سائین کیا ہے جسکی رو سے بیرون ملک مقیم پاکستانی تارکین وطن کی نقل مکانی، پناہ گزین ممالک میں نقل و حرکت اور نئی جگہوں پر انضمام کی حمایت میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

تقریب سفارت خانہ پاکستان ویانا میں منعقد ہوئی۔اس معاہدے پر سفیر آفتاب احمد کھوکھر اور آئی سی ایم پی ڈی کے مائیکل اسپنڈیگلر ، ڈائریکٹر جنرل نے دستخط کیے۔ اسپینڈلیگر جمہوریہ آسٹریا کے وائس چانسلر کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر خزانہ اور خارجہ امور کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

اس معاہدے سے پاکستان اور آئی سی ایم پی ڈی کے درمان عملی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس معاہدے کے مزید محرکات میں بیرون ملک مقیم پاکستانی تارکین وطن کے انضمام کی حمایت، امتیازی سلوک ، نسل پرستی اسلامو فوبیا اور زینوفوبیا کے خلاف جنگ، پاکستان کی ترقی پر ہجرت کے مثبت اثرات کو تقویت دینا بارڈر مینجمنٹ میں اضافہ، انسانی سمگلنگ اور بے قابو ہجرت کی روک تھام شامل ہیں۔

انٹرنیشنل سنٹر برائے مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (آئی سی ایم پی ڈی) ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جس کے 18 ممبر ممالک ہیں۔ یہ ادارہ 1993 میں قائم کیا گیا تھا اور دنیا بھر میں 90 سے زیادہ ممالک میں سرگرم ہے۔ اس کا مشن لوگوں کی نقل مکانی اور نقل و حرکت کو منظم محفوظ اور باقاعدہ بنانا ہے۔ واضع رہے اس حوالے سے ادارہ ویانا مائیگریشن کانفرنس 2020 کرانے جارہا ہے جو 16 سے 19 نومبر تک ویانا میں جاری رہے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes