کشمیریوں کی ہر سطح پرحمائت اور پنجاب اسمبلی میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کا قیام عمل میں لایا جائیگا – Kashmir Link London

کشمیریوں کی ہر سطح پرحمائت اور پنجاب اسمبلی میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کا قیام عمل میں لایا جائیگا

مانچسٹر( محمد فیاض بشیر) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کے زیر اہتمام یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے اشتراک سے کشمیر کانفرنس کا انعقاد ، لاہور گورنر ہائوس کے احاطے میں منعقدہ کانفرنس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور تھے جبکہ کانفرنس کی صدارت چیئرمین تحریک حق خود ارادیت راجہ نجابت حسین نے کی ۔

کشمیر کانفرنس میں گورنر پنجاب کے علاوہ صوبائی وزراء ، پنجاب اسمبلی کے ممبران ، ماہرین تعلیم ، دانشور، انسانی حقوق کے رہنمائوں، یوتھ پارلیمنٹ کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر کشمیر کانفرنس سے مہمان خصوصی گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں سے لازوال رشتہ ہے،پوری پاکستانی قوم کشمیر کے مسئلہ پر ایک ہے ۔ کشمیر کی تحریک آزادی اور حق خود ارادیت کے مؤقف کی ہر سطح پر اور ہر محاذ پر حمایت جاری رکھیں گے۔ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ مودی کی انتہاء پسندانہ سوچ اور اقدامات نا صرف کشمیر اور بھارت بلکہ خطہ کے لئے بھی خطرناک ہیں۔

کانفرنس سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ اوورسیز میں مقیم کشمیریوں کی مسئلہ کشمیر کے لئے جدو جہد تاریخ ساز قابل تعریف ہے ۔ راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم کی کاوشیں خراج تحسین کے لائق ہیں ۔ میں جب 1997ء میں پہلی بار برٹش پارلیمنٹ کا ممبر بنا تو مجھ سے برٹش پارلیمنٹ میں ملنے والا پہلا وفد راجہ نجابت حسین کی قیادت میں تھا اور اس وقت بھی ان کا ایک ہی مقصد تھا کہ کشمیریوں کی تحریک کا ساتھ دیا جائے۔

اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف جس طرح کشمیری پوری جرأت و استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں ہم ان کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ برطانیہ ، یورپ اور دیگر ممالک میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹینے مسئلہ کشمیر کو فلیش پوائنٹ بنانے میں اہم کردار اداکیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا بھر کی پارلیمان میں انسان دوست ممبران کو اپنا ہمنوا بنایا جائے ۔ہم پنجاب اسمبلی میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کے قیام کو عمل میں لائیں گیاور یہ گروپ تمام تر سیاسی و جماعتی تفریق سے بالاتر ہو کر کشمیر کے لئے کام کرے گا ۔

کشمیر کانفرنس سے صدر ِکانفرنس چیئرمین تحریک حق خود ارادیت راجہ نجابت حسین نے خطاب کرتے ہوئے سفارتی سطح پر کشمیر کے مسئلہ کے لئے ہونے والی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ راجہ نجابت حسین نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر لئے برطانیہ اور یورپ میں تسلسل کے ساتھ ہر فورم پر کام کیا جا رہا ہے ۔ ہر سطح پر ممبران پارلیمنٹ ، مئیرز ، کونسلرز ، پارٹیوں کی لیڈرشپ سے رابطے تیز کیے جا رہے ہیں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کی ٹیم نا صرف برطانیہ بلکہ یورپ ، امریکہ ، پاکستان اور آزاد کشمیر کے پارلیمنٹیرئنز کے ساتھ مسلسل لابنگ اور فرینڈز آف کشمیر کے تحت متحرک کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ برٹش کشمیریوں کی کاوشوں سے برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان بڑی تعداد میں کشمیریوں کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں اور برٹش پارلیمنٹ میں کشمیر پر چوتھی بحث ہونے والی ہے۔

اس موقع پر کانفرنس سے پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین و معروف گلوکار ابرار الحق،صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ،ممبر پنجاب اسمبلی مسرت ملک ، ترجمان پنجاب حکومت سابق ایم پی اے شوکت بسرا ، سیکرٹری جنرل تحریک حق خود ارادیت محمد اعظم ، عبید الرحمن قریشی صدر یوتھ پارلیمنٹ ، ائیر وائس مارشل(ر) ساجد حبیب ، پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد رشید احمد ، ڈائریکٹر جنرل کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی ، میڈیا کنسلٹنٹ شہزاد نواز، حریت رہنماء عبد الحمید لون ، زاہد حسین صفی ، محمد ابوبکر صدر پاکستان یوتھ پارلیمنٹ ، مسز کنول حیات چیئرپرسن تحریک تکمیل پاکستان ، تابش عباسی ، راجہ مظہر حیات ، سردار محمد رحمان ، سید شہباز شاہ ، چوہدری عمیر رزاق ، طاہر علی اعوان ، محترمہ مایہ علی ، مسز شائستہ طالب اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
کشمیر کانفرنس میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض صدر یوتھ پارلیمنٹ عبید الرحمن قریشی نے ادا کیے۔

50% LikesVS
50% Dislikes