پاکستان کی ترقی، سلامتی اور حفاظت کا بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید ہے: پیپلز پارٹی سپین – Kashmir Link London

پاکستان کی ترقی، سلامتی اور حفاظت کا بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید ہے: پیپلز پارٹی سپین

بارسلونا (کشمیر لنک نیوز) پیپلز پارٹی کے بانی اور ایشیا کے عظیم جمہوری رہنما ذوالفقار علی بھٹو شہید کی ٩٣ ویں سالگرہ کی تقریب پیپلز پارٹی سپین کے زیراہتمام منعقد کی گئی جس میں پارٹی رہنمائوں کے علاوہ پیپلز یوتھ کے نوجوانوں نے بھی شرکت کی اور سالگرہ کا کیک کاٹا۔

صدارت پیپلز پارٹی سپین کے صدر چوہدری اشتیاق حسین نے کی جب کہ مہمان خصوصی برطانیہ کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت فراز بھٹی تھے۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض معروف سماجی اور سیاسی شخصیت حافظ عبدالرزاق صادق سیکرٹری اطلاعات و نشریات پاکستان پیپلز پارٹی یورپ نے سر انجام دیئے۔
تقریب میں ارنستو کاریون کے کوارڈینیٹر شعبہ امیگریشن سوشلسٹ پارٹی کاتالونیا نے خصوصی شرکت کی جبکہ سابق وزیر اعظم اور پی پی پی اوورسیز کمیٹی کے چیئرمین راجہ پرویز اشرف، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے سید عبد القادر گیلانی اور پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد کمبوہ نے ٹیلیفونک خطاب کیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت میاں عبدالرؤف نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی یورپ نے حاصل کی۔تقریب سے چوہدری طارق جمال گجر جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی سپین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی،سلامتی اور حفاظت کا بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید ہے،پاکستان کی عوام کو روزگار سمیت دوسری سہولیات پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی دیں۔

دیگر پارٹی رہنمائوں اور مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی سے محبت کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جاری رکھنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں گے اور انشاءاللہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم پاکستان بنانے میں ہر طرح کی جدوجہد اور قربانی دیں گے۔

سالگرہ کی تقریب میں چوہدری عمران چھوکر کلاں، جاوید اقبال گل، پروفیسر طاہر عظیم، سردار گلفراز، قاضی احسان الحق، چوہدری ارشد، مرزا نعیم، موسی مغل، جاوید مغل، محمد شعیب سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes