دیار غیر میں پاکستان کے مشکل وقت کا دوست، پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ – Kashmir Link London

دیار غیر میں پاکستان کے مشکل وقت کا دوست، پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ

سٹاک ہوم (کشمیر لنک نیوز) سویڈن کے معروف سماجی ادارے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ (پی پی این ای) کی جانب سے وطن عزیز میں اسکینڈے نیوین طرز تعلیم متعارف کروانے کی جدوجہد کو مختلف طبقہ ہائے زندگی سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔
پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ نے سال 2020 میں مشکل حالات میں بھی دیار غیر میں وطن عزیز کا وقار سر بلند رکھا۔ پاکستان کی پہلی بین الاقوامی ورچیول نمائش ہو یا پھر پاکستانی برآمدات کی یورپی منڈیوں تک رسائی پی پی این ای کی جانب سے یورپ بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کروانے میں ہر ممکن کوشش کی گئی، یہاں تک کہ پاکستان میں تعلیمی جدوجہد کے حوالے سے ایک تھیٹر شو ملالئی کے نام سے سویڈن سے براہ راست نشر کیا گیا جس میں مقامی سویڈش فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور مذکورہ شو دنیا کے سات دیگر ممالک میں لائیو اسٹریم کیا گیا۔


ملالئی شو کی پذیرائی کے بعد پی پی این ای کی انتظامیہ نے پاکستان میں تعلیم نظام کی بہتری کا عزم کرتے ہوئے ملک میں اسکینڈے نیوین طرز تعلیم متعارف کروانے کے لئے کراچی میں سویڈن کے شہر مالمو کے نام سے منسوب ایک تعلیمی ادارے کا قیام عمل میں لایا جہاں ضرورت اور قابلیت کی بنیاد پر طلبہ کو اسکالرشپ میسر آئے گی۔ مالمو انٹرنیشل اسکول کے کامیاب آغاز کے بعد اب کراچی کے دیگر اسکولوں نے بھی اسکینڈے نیوین طرز تعلیم کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی پی این ای کے روح رواں زبیرحسین کا کہنا تھا کہ مالمو انٹرنشینل اسکول کے آغاز کے بعد برٹش اسکول آف کراچی نے پی پی این ای کے تعاون سے اپنی ڈیفنس ہاوسنگ سوسائٹی برانچ میں اسکینڈے نیوین طرز تعلیم متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے جو کہ ہمارے ادارے کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الکریم سیکنڈری اسکول کراچی کا پہلا اسکول ہے جو اسی مقصد کے لئے پی پی این ای سے وابستہ ہوا، جب الکریم اسکول میں طلبہ نے مذکورہ تعلیمی نظام کو سراہا تو پی پی این ای انتظامیہ نے مالمو انٹرنیشنل اسکول کی بنیاد ڈالی، مالمو انٹرنیشنل اسکول پی پی این ای کا ایک منفرد پروجیکٹ ہے جو براہ راست ٹیم پی پی این ای کی نگرانی میں کام کرے گا جہاں ہم ضرورت اور قابلیت کی بنیادوں پر اسکالرشپ مہیا کریں گے جبکہ وہ ادارے جو پی پی این ای سے وابستہ ہوں گے انہیں پی پی این کی جانب سے آن لائن سیمینار ، ورکشاپ اور اساتذہ کی تربیت کے پروگراموں کے لئے خدمات میسر آئیں گی، ہم پی پی این ای سے منسلک اسکولوں کو اسکینڈے نیویا معیار تعلیم کے لئے ایک مکمل رہنما کتاب بھی فراہم کریں گے۔


کیریئر کاونسلنگ ہمارے وابستہ اداروں میں کلیدی کردار ہوگا، ہم نے اپنے تمام پارٹنر اسکولوں میں ماہانہ کیریئر کاونسلنگ کے لئے لیارینز یوتھ ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے ہیں ، کیریئر کاونسلنگ اور ذہن سازی سیشنز طلباء اور اساتذہ دونوں کے لئے ہوں گے۔ بیرون ملک حصول تعلیم کے بڑھتے ہوئے رجحان میں بہت ساری پیچیدگیاں ہیں کیونکہ عام طور پر طلبہ میں آگاہی کی کمی کی وجہ سے انہیں مالی نقصان کا سامنا رہتا ہے کیونکہ ایجنٹ اور کنسلٹنٹ مافیا طلبہ کو گمراہ کررہے ہیں ، لہذا ہم نے انڈرگریجویٹ طلباء کے لئے معلوماتی سیمینارز کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں طلباء کوانٹرنیشنل اسکالرشپز اور مختلف ممالک کے اسٹوڈنٹس ویزوں سے متعلق مفت معلومات فراہم کی جائے گی۔

برٹش اسکول آف کراچی کے ایڈمنسٹریٹر عارف حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی پی این ای کے شکرگزار ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کے لئے آمادہ ہوئے، ، ہماری ٹیم اسکینڈے نیویا طرز تعلیم کو فروغ دینے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes