سنگاپور کی مساجد میں نیوزی لینڈ طرز کے حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا نوعمر بھارتی لڑکا گرفتار – Kashmir Link London

سنگاپور کی مساجد میں نیوزی لینڈ طرز کے حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا نوعمر بھارتی لڑکا گرفتار

سنگاپور( کشمیر لنک نیوز) سنگا پور حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ انہوں نے بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک سولہ سالہ لڑکے کو گرفتار کیا ہے جو کرائسٹ چرچ کی طرز پر سنگاپور کی مساجد میں حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

میڈیا کے مطابق سنگاپور کے سخت قانون انٹرنیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت ایک 16 سالہ طالب علم کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر مسلمانوں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام ہے۔
ملزم 15 مارچ کو 2019 کے کرائسٹ چرچ حملے کی دوسری برسی کے موقع پر دو مساجد پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

سنگاپور کی وزارت داخلہ کا بتانا ہےکہ گرفتار ملزم کا تعلق بھارت کی کرسچن کمیونٹی سے ہے جو اس سکیورٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا جانے والا سب سے کم عمر ملزم ہے۔

وزارت داخلہ نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا ہے اور وہ شدت پسندی کے نظریات سے متاثر ہے۔ ملزم سیکنڈری اسکول کا طالب علم ہے جو مساجد پر دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے جامع پلان میں ملوث پایا گیا ہے۔

کم عمری کی وجہ سے سنگاپور کی وزارت داخلہ نے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے البتہ حکام کا بتانا ہےکہ ملزم نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرائسٹ چرچ حملے کی طرز پر ہی دہشتگردی کی منصوبہ بندی کررہا تھا اور اس نے جن دو مساجد کو نشانہ بنانا تھا وہ شمالی سنگاپور میں اس کے گھر کے نزدیک ہیں جب کہ حملے کے دوران ملزم سوشل میڈیا پر لائیو اسٹریم چلانے کا ارادہ رکھتا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes