پیرس میں پاکستانی نژاد طالبہ کے قتل کے خلاف ریلی، میئر کی خصوصی شرکت – Kashmir Link London

پیرس میں پاکستانی نژاد طالبہ کے قتل کے خلاف ریلی، میئر کی خصوصی شرکت

پیرس (کشمیر لنک نیوز) پیرس کے نواحی علاقے ارجنتوئی میں پاکستانی نژاد چودہ سالہ بچی علیشہ خالد کے قتل کے خلاف اور فیملی سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی نکالی گئی جس میں فرانسیسی سرکاری عہدیداروں سیاسی سماجی و فلاحی تنظیموں کے نمائیندوں کے علاوہ ہزاروں شہریوں اور پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے علیشہ کی تصاویر والی شرٹس پہنی ہوئی تھیں اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر علیشہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تھا۔

ریلی علیشہ کے اسکول سے شروع ہوکر دریا کے قریبی پارک میں اختتام پذیر ہوئی۔ پارک میں ہزاروں افراد کے اجتماع سے علیشہ کے والدین اور شہر کے مئیر نے بھی خطاب کیا۔ علیشہ کے قتل کی سخت مذمت کی گئی اور اس کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکاء نے علیشہ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علیشہ کے والدین نے کہا کہ علیشہ اب کبھی گھر واپس نہیں آئے گی لیکن انہیں یقین نہیں آرہا کہ علیشہ ہم سے ہمیشہ کے لئے جدا ہوگئی ہے۔ علیشہ کا خلاء کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت علیشہ کو انصاف فراہم کرے اور ایسے اقدامات کرے کہ آئندہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔

شہر کے مئیر نے علیشہ کے قتل پر سخت افسوس کا اظہار کیا اور فیملی کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
علیشہ کے اہلخانہ نے علیشہ کیساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر ریلی کے شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا، یاد رہے گزشتہ ہفتے چودہ سالہ علیشہ کو دو اسکول فیلوز نے تشدد کرنے کے بعد دریا میں پھینک دیا جس سے وہ ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے دونوں مجرموں کو اسی دن گرفتار کرلیا تھا ۔

50% LikesVS
50% Dislikes