اسپین میں منہاج القرآن واحد ادارہ ہے جو بچوں کو اپنے دین کے ساتھ جوڑے ہوئے ہے؛ علما کرام – Kashmir Link London

اسپین میں منہاج القرآن واحد ادارہ ہے جو بچوں کو اپنے دین کے ساتھ جوڑے ہوئے ہے؛ علما کرام

بادالونا، اسپین (کشمیر لنک نیوز) منہاج القرآن اسلامک سنٹر بادالونا میں عظیم الشان تقریب تکمیل حفظ قرآن ہوئی،حافظ راشد غلام ولد غلام نبی نے قرآن پاک کو حفظ کرنے کی عظیم سعادت حاصل کی ۔اس موقع پر حافظ راشد غلام کی دستار بندی اور سند پیش کی گئی۔بابرکت محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔نبی کریم ﷺ کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔قاری عطاءالمصّطفیٰ نقشبندی نے نظامت کے فرائض ادا کئے۔بابرکت محفل میں بادالونا کی پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی اور قرآن پاک کو حفظ کرنے والے حافظ راشد غلام کو مبارک باد پیش کی۔

مقررین نے قرآن پاک کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب مبین کی حفاظت کا ذمہ اللہ تعالیٰ نے خود اٹھایا ہوا ہے ۔اور وہی انسانوں میں سے انسانوں کے سینوں کو منتخب فرماتا ہے جس میں اسے محفوظ کرنا ہوتا ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو ہر کوئی قرآن مجید کا حافظ بن جائے ۔50طلبا اگر قرآن مجید حفظ کرنے کے لئے داخل ہوتے ہیں تو اختتام پر چند طلبا ہی اسے حفظ کر پاتے ہیں اور یہ وہی لوگ ہوتے ہیں جو اللہ تعالیٰ نے منتخب کئے ہوتے ہیں۔ تقریب تکمیل قرآن سے امیر منہاج القرآن اسپین علامہ عبدالرشید شریفی، صدر منہاج القرآن اسپین ایڈووکیٹ حسنات مصطفی ہاشمی،محمد اقبال چوہدری، حافظ محمد عمران مولانا محمد لطیف نقشبندی،حافظ عبدالرزاق اور دیگر نے خطاب کیا ۔ مقررین نے بادالونا میں منہاج اسلامک سنٹر کی بنیاد اور تعمیر وترقی کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2008 میں اس مرکز کی بنیاد رکھی گئی اور کمیونٹی ممبران نے دل کھول کر ساتھ دیا وہیں کچھ افراد کو تحفظات بھی تھے لیکن اس کے باوجود الحمد اللہ یہ مرکز گزشتہ تقریبا 12 سال سے خدمت کررہا ہے۔ حفظ قرآن کے ساتھ ساتھ بچوں کو ناظرہ قرآن مجید پڑھانے کے ساتھ ساتھ دین اسلام کے بنیادی ارکان بھی سکھائے جاتے ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ اسپین میں منہاج القرآن واحد ادارہ ہے جو بچوں کو اپنے دین کے ساتھ جوڑے ہوئے ہے اور یہاں سے ان تمام سوالات کا جواب بھی علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہنمائی میں دئیے جاتے ہیں جو یہاں کے مقامی اسکول وکالج اور یونیورسٹیز میں مسلمان بچوں کو اسلام سے دور کرنے کے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر علامہ ڈاکٹرطاہر القادری آج سے 20 سال قبل یورپ بھر میں منہاج القرآن کی بنیاد نہ رکھتے تو ہماری نئی نسل گمراہی کی طرف چلی جاتی۔ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری صرف ایک ذریعہ ہیں یہ سب اللہ تعالیٰ کا کرم اور مدینہ والے آقا علیہ السلام کی نظر کرم اور غوث الاعظمؒ کا فیضان ہے۔اس موقع پر حافظ راشد غلام کے قریبی دوستوں نے تحائف بھی پیش کئے۔ حافظ راشد غلام نے اپنے خطاب میں اپنے اساتذہ خصوصی طور پر قاری عطاءُلمصّطفیٰ نقشبندی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آج اگر حافظ بنا ہوں تو ان کی وجہ سے کیونکہ میں یونیورسٹی بھی جاتا ہوں تو اوقات کار ایک جیسے نہیں ہوتے تھے۔ میں نے استاد محترم سے اس مشکل کا اظہار کیا تو انہوں نے کہا کہ جب آپ کے پاس وقت ہو اس وقت آجایا کرو، میں قرآن مجید کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں اور اس طرح میرا حفظ مکمل ہوا۔

50% LikesVS
50% Dislikes