عمران خان کی آمرانہ سیاست کے نتیجہ میں پی ٹی آئی کامستقبل تاریک ہوگیا،چوہدری الطاف شاہد – Kashmir Link London

عمران خان کی آمرانہ سیاست کے نتیجہ میں پی ٹی آئی کامستقبل تاریک ہوگیا،چوہدری الطاف شاہد

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اورپیپلزپارٹی نے بیڈگورننس کی انتہاکردی۔نام نہاداحسا س پروگرام کے باوجودعام آدمی کااحساس محرومی مزید بڑھ گیا۔مرکز اورصوبوں کے حکمرانوں کو اپنے انتخابی وعدوں کو فراموش کرنا مہنگاپڑے گا، عوام آئندہ انتخابات میں ووٹ کی پرچی سے قومی چوروں کی سیاست کے پرخچے اڑادیں گے ۔عوام کو یوٹرن کی سیاست سے انتہائی نفرت ہے،کپتان عمران خان کی آمرانہ سیاست کے نتیجہ میںتحریک انصاف کامستقبل تاریک ہوگیا۔

وہ اپنے اعزازمیں ایک استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے ۔ چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا ہے کہ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال کے طرزسیاست کوپسندکرنیوالے نوجوان کبھی حکمران پارٹیوں کو اقتدارکیلئے جمہوری ،اخلاقی اورقومی اقدارکوروندنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عوام نے پی ٹی آئی ،پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ (ن) کو منتخب ایوانوں کے اندرقومی ایشوزاورعوامی مسائل پربات کرنے کیلئے مینڈیٹ دیاتھا لہٰذاءتینوں مذکورہ پارٹیاں ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے منفی سیاست کرتے ہوئے اپنے ووٹرزکومایوس نہ کریں۔

پاکستان میں نظام کی تبدیلی دھرنوں یادھونس سے نہیں بلکہ ووٹ سے آئے گی اوراس بار عوام نے اپنی خدمت اوراپنے حقوق کی حفاظت کیلئے پی ایس پی کو منتخب کرنے کادوٹوک فیصلہ کرلیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امیدہے آئندہ پی ایس پی وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی اور اپوزیشن کے مٹھی بھر ارکان ایوانوں میں شورمچانے کی بجائے اپناسنجیدہ کرداراداکریں گے ۔ پاک سرزمین پارٹی کی قیادت جمہوریت وقومی معیشت کی مضبوطی کیلئے پی ٹی آئی اورپی پی پی سمیت سب کوساتھ لے کرچلے گی ۔

50% LikesVS
50% Dislikes