کورونا وبا سے چھٹکارے کیلئے بنی نوع انسان کو پروردگار سے رجوع کی ضرورت ہے: پیر ابو مقصود مدنی – Kashmir Link London

کورونا وبا سے چھٹکارے کیلئے بنی نوع انسان کو پروردگار سے رجوع کی ضرورت ہے: پیر ابو مقصود مدنی

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) عالم اقوام کورونا وائرس کی وبا سے سخت ذہنی کرب میں مبتلا ہے۔تخلیق کائنات کے وجود سے لیکر اب تک رب العالمین نے مختلف آزمائشوں سے انسانیت کو آزمایا ہے اور اب بھی ہم کڑی آزمائش سے گزر رہے ہیں۔ ان جذبات کا اظہار اداراہ نور السلام فیصل آباد اولڈہم کے سرپرست اعلیٰ حضرت پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔

ان کا کہنا تھا المیہ یہ ہے کہ بحیثیت مسلمان ہم نے رب العالمین سے صدق دل سے توبہ نہیں کی اب بھی وقت نہیں گزرا ہمیں ملکر رب کریم کے بارگاہ اقدس میں سربسجود ہو کر گناہوں کی معافی مانگ کر دعا کرنی چاہیے کہ ہمیں اس موذی وبا سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا عالمی برادری کو بھی ہوش کے ناخن لینے چائیں اور دنیا میں رنگ و نسل مذہب اور علاقائیت سے بالاتر ہو کر مساوات کا نظام رائج کرنا چاہیے نہ کہ ذاتی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندیاں کی جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا کے جس کونے میں بھی برسوں سے انسانیت ظلم و بربریت کا شکار ہے انہیں انکا حق دیا جائے اس میں فلسطین، کشمیر، میانمر، شام و دیگر ممالک شامل ہیں رب العالمین کا فضل و کرم تب ہی ہو گا جب انصاف پر مبنی معاشرہ قائم ہو گا۔ پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی نے امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق اور پاکستان کی سلامتی ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes