پاکستانی قوم میں نیک کاموں کا بہت جذبہ ہے؛ المصطفیٰ فری آئی کیمپ کی افتتاحی تقریب سے میاں اسلم کا خطاب – Kashmir Link London

پاکستانی قوم میں نیک کاموں کا بہت جذبہ ہے؛ المصطفیٰ فری آئی کیمپ کی افتتاحی تقریب سے میاں اسلم کا خطاب

لندن (اکرم عابد) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ یوکے کے ایراہتمام المصطفیٰ آئی ہسپتال مزنگ لاہورمیں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے چھٹے فری آئی کیمپ کا افتتاح کیا، تقریب میں ہسپتال کے صدر طارق حمید فضل، خالد حمید فضل، ایم ایس ڈاکٹر محمد شریف، ارشاد بی انجم ، ایس ایم تقویم، نصرت سلیم‘ ارسلان طاہر و دیگر شریک تھے۔

مہمان خصوصی میاں اسلم اقبال نےہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر تقریب سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ المصطفیٰ آئی ہسپتال کے طبی عملے کا شکرگزار ہوں جو امراض چشم کے مریضوں کا مفت علاج کر رہا ہے، پاکستان میں مخیر افراد کی تعداد بہت زیادہ ہے، المصطفی آئی ہسپتال مخیر افراد کے عطیات سے چل رہا ہے یہ واحد ہسپتال ہے جو غریبوں کا مفت علاج کررہا ہے۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم میں نیک کاموں کا بہت جذبہ ہے اور وہ ہمیشہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، المصطفیٰ آئی ہسپتال میں آنکھوں کا وی آئی پی علاج ہو رہا ہے، ہسپتال کی انتظامیہ بہت جانفشانی سے کام کر رہی ہے اور ان کا مقصد اللہ تعالیٰ کو راضی کرنا ہے، میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وہ المصطفیٰ کے تعاون سے سمُن آباد، سید پور، گلشن راوی، اقبال ٹائون،ڈھولنوال سمیت دیگر علاقوں کی ڈسپنسریوں میں فری آئی کیمپ لگائیں گے۔

المصطفی آئی ہسپتال کے صدرطارق حمید فضل نے کہا کہ آئی ہسپتال میں سفید موتیا کے مریضوں کیلئے پرچی سے آپریشن تک تمام سہولیات مفت ہیں، المصطفی لاہورشہر میں واحد ہسپتال ہے جو لینز بھی مفت مہیا کر رہا ہے، ایک ماہ کے دوران چار ہزار مریضوں کا معائنہ اور 200سے زائد آنکھوں کے کامیاب آپریشن ہو چکے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes