اولڈہم کی ایشیائی کمیونٹی میں کورونا ویکسین کی افادیت اور آگاہی کیلئے غوثیہ مسجد میں خصوصی ورکشاپ – Kashmir Link London

اولڈہم کی ایشیائی کمیونٹی میں کورونا ویکسین کی افادیت اور آگاہی کیلئے غوثیہ مسجد میں خصوصی ورکشاپ

اولڈہم (محمد فیاض بشیر)کورونا وائرس ویکسین کی افادیت بارے سائنسی و مذہبی لحاظ سے آگاہی دینے کے لیے اولڈہم کونسل آف ماسک اور اولڈہم کونسل کے اشتراک سے جامعہ اسلامیہ غوثیہ مسجد اینڈ ایجوکیشنل سنٹر میں خصوصی ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔ مذہبی سکالر ڈاکٹر مشرف حسین نے وڈیو لنک جبکہ ماہر طبعی معالج اور ملکہ برطانیہ سے OBE ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر زاہد چوہان نے مساجد کے خطیبوں اور کمیٹی اراکین کو سائنسی و مذہبی لحاظ سے حلال و حرام اورکورونا وائرس سے بچاؤ کےویکسین سے ایشیائی کمیونٹی کے اندر پائے جانے والے منفی تاثرات بارے آگاہی دی۔

ڈاکٹر زاہد چوہان نے کہا کہ وہ اولڈہم کونسل اور نیشنل ہیلتھ سروس کی جانب سے علماء کرام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مسلمان اور غیر مسلمان کمیونٹی کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے اچھا پیغام دیا ہے کیونکہ اگر آپ کورونا وائرس کے انفیکشن میں مبتلا ہوں گے تو یہ کمیونٹی میں پھیلے گا اسکا کسی مذہب سے تعلق نہیں ضروری ہے کمیونٹی ویکسین لگوائے۔ مسجد کے خطیب مولانا قاری راسب نے کہا کہ جو کسی کی جان بچاتا ہے تو وہ پوری انسانیت کی جانوں کو بچانے کے مترادف ہے ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کے اندر ویکسین بارے جو منفی تاثر دیا جا رہا ہے اس پر کان نہ دھریں اور جب ویکسین کے لیے بلایا جائے تو فی الفور ویکسین لگوائیں۔

جامعہ غوثیہ مسجد اینڈ ایجوکیشنل سنٹر کے صدر چوہدری محمد اسلم نے کہا کہ انہوں اور انکی اہلیہ نے بھی ویکسین لگوالی ہے جسکا انکی صحت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا کمیونٹی سے درخواست ہے کہ جب انہیں بلایا جائے تو ضرور ویکسین لگوائیں حکومت برطانیہ نے ویکسین کی تیاری پر کافی سرمایہ لگایا ہے ۔اولڈہم کونسل آف ماسک کے نمائندہ سید عبد الباسط شاہ مشوانی نے کہا کہ مسجد کے خطیب اور انتظامیہ کمیٹی کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ کمیونٹی کو مذہبی اور سائنسی لحاظ سے کمیونٹی کو آگاہ کریں تاکہ وہ ویکسین لگوانے سے انکار نہ کریں۔


مسجد کے جنرل سیکرٹری چوہدری خورشید احمد نے کہا کہ رب کریم کا حکم ہے اپنی جان کی حفاظت کریں اور اسے بچائیں ویکسین میں کوئی ایسی شے نہیں جو باعث تشویش ہو ان کا کہنا تھا کہ ویکسین بلاتفریق مذہب رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر سب کو لگ رہا ہے اگر اس میں کوئی ممنوعہ شے ہو تو سوچیں کیا برطانوی حکومت اپنی عوام کے نقصان کاسوچتی بھلا، مفروضوں پہ کام نہ دھریں۔دین اسلام ہمیں جانوں کی حفاظت کا درس دیتا ہے مفروضوں پہ کان دھرنے کی بجائے کورونا وائرس کی وبا سے نجات کے لیے اپنی اور دوسروں کی زندگی محفوظ بنانا اولین فریضہ ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes