پاکستان ہائی کمشنر لندن کا دورہ مرکزی مسجد برینٹ، ویکسینیشن کے عمل کا مشاہدہ، انتظامات کی تعریف – Kashmir Link London

پاکستان ہائی کمشنر لندن کا دورہ مرکزی مسجد برینٹ، ویکسینیشن کے عمل کا مشاہدہ، انتظامات کی تعریف

لندن (عمران راجہ) برطانیہ میں جہاں ایک طرف کورونا ویکسینیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے وہیں ایسے افراد کو ویکسینیشن کی طرف لانے کی تگ و دو بھی کی جارہی ہے جو کسی وجہ سے خوف کا شکار ہیں۔
ناصرف مقامی کونسلز بلکہ مساجد اور ادارے بھی اس عمل میں پیش پیش ہیں۔ مرکزی مسجد برینٹ نے بھی ایسی تحریک کیلئے پاکستان ہائی کمشنر معظم احمد خان کو مدعو کیا اور انہیں ویکسینیشن کے مختلف مراحل بارے آگاہی دی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ میں کمیونٹی کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ ویکسین محفوظ ہے اور یہی ویکسین وبا کے ذریعہ درپیش چیلنج پر قابو پانے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ برطانوی صحت کے حکام کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں اور اپنی باری آنے کے ساتھ ہی ویکسین لیں۔ہائی کمشنر نے کمیونٹی کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مدد کے لئے بیرون ملک غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اس دورے میں ہائی کمشنر نے خود بھی تمام ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود این ایچ ایس ڈاکٹر اور مقامی کمیونٹی ممبران سے بھی ملاقات کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes