گمراہی کی جانب جارہا تھا، کشمیری نژاد بالی ووڈ ماڈل ثاقب خان کا شوبز چھوڑنے کا اعلان – Kashmir Link London

گمراہی کی جانب جارہا تھا، کشمیری نژاد بالی ووڈ ماڈل ثاقب خان کا شوبز چھوڑنے کا اعلان

لندن (عمران راجہ) راؤڈیز سے شہرت حاصل کرنے والے کشمیری نژاد اداکار و ماڈل ثاقب خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ شوبز کا پیشہ ترک کرکے روحانیت کے راستے پر گامزن ہورہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب وہ مستقبل میں ماڈلنگ اور اداکاری نہیں کرینگے۔ اس حوالے سے انھوں نے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی ہے۔

انھوں نے اس موقع پر اپنے نئے سفر کے حوالے سے کچھ تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیے ہیں۔ انکا یہ فیصلہ اداکارہ ثنا خان کی جانب سے چند ماہ قبل اسی رستے پر چلنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

ثاقب خان نے اپنے انسٹا ہینڈلر پر لکھا۔ اسلام و علیکم بھائیوں اور بہنوں، امید ہے آپ سب خیریت سے ہونگے۔ آج کی میری پوسٹ میرے شوبز چھوڑنے سے متعلق اعلان پر مبنی ہے۔ اب میں آئندہ ماڈلنگ اور اداکاری نہیں کروں گا۔

ثاقب خان نے مزید تحریر کیا کہ ایسا نہیں ہے کہ ان کے پاس کام نہیں تھا اور وہ شوبز چھوڑ رہے ہیں، میرے پاس اس وقت بھی بہت پروجیکٹس موجود ہیں، لیکن اللّٰہ تعالیٰ کی مرضی نہیں تھی، ضرور کچھ اچھا اور بہتر سوچا ہوگا اللّٰہ نے میرے لیے، انشا اللّٰہ، کیونکہ وہی سب بہتر منصوبہ ساز ہے۔

انھوں نے کہا کہ جہاں تک ممبئی میں جدوجہد کا تعلق ہے تو یہاں بقا کی جنگ لڑنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن مجھے فخر ہے کہ میں نے ایک سال کے مختصر دورانئے میں اچھی شہرت اور فین فالوونگ حاصل کی۔

لیکن وہ تو دنیا کے لیے تھی اور آخرت کے لیے تو کچھ بھی نہیں، مختصراً یہ کہوں گاکہ میں گمراہی کی جانب اور اسلامی اصولوں کے خلاف جارہا تھا، میں نماز پڑھا کرتا تھا لیکن کچھ کمی محسوس کررہا تھا، اور یہ میرا سکون اور اللّٰہ کی جانب اپنی خود احتسابی تھی، تو اب میں نے خود کو مکمل طور پر اللہ تعالیٰ کے حضور پیش کردیا ہے۔ وہ سکون جس کی مجھے تلاش تھی وہ تو میرے سامنے تھا، میری کتاب قرآن کریم۔

50% LikesVS
50% Dislikes