اولڈہم کے پرائمری سکول کے بچوں کی پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے فنڈ ریزنگ مہم

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) سینٹ تھامس پرائمری سکول ورنتھ اولڈہم کے طلبا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے خطیر رقم جمع کی ۔خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے مقامی سماجی ورکر محمد افروز میاں نے سکول کا دورہ کیا ۔ سکول کونسل کی راہنما لارا کروتھر اور بچوں نے استقبال کیا ۔محمد افروز میاں کا کہنا تھا کہ سینٹ تھامس کے بچوں نے خیراتی کاموں کے لیے زبردست کام کیا ہے دوسرے سکولوں اور کالجوں کو بھی اسکی تقلید کرنی چاہیے تاکہ ہم بیرون ممالک ضرورت مندوں کی مدد کے ساتھ معاشی مشکلات اور سخت سرد موسم میں برطانیہ کے ضروت مندوں کی مدد بھی کر سکیں ۔
سکول کونسل کی نمائیندہ اور سینٹ تھامس پرائمری سکول میں بحیثیت ٹیچر خدمات انجام دینے والی لارا کروتھرز کا کہنا تھا کہ سکول کے بچوں نے چار چیرٹیوں کا انتخاب کیا اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے خطیر رقم جمع کی جو ضرورت مندوں کے کام آئے گی۔ سکول میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں اور انکے والدین کی کاوشوں سے ایسا ممکن ہوا ہم انکا دلی شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ سکول کے طلباء رحمٰن ، ایان اور ثمینہ نے کہا ہم نے لوگوں کے گھر جا کر پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے رقم جمع کی تاکہ وہ دوبارہ اپنے گھروں میں آباد ہو سکیں مالی تعاون پر سبکے دلی مشکور ہیں۔