ہالینڈ میں سعودی ایمبیسی پر فائیرنگ، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، سیکیورٹی بڑھا دی گئی – Kashmir Link London

ہالینڈ میں سعودی ایمبیسی پر فائیرنگ، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، سیکیورٹی بڑھا دی گئی

دی ہیگ (کشمیر لنک نیوز) یورپ بھر میں پھیلی دہشت گردی کی جنگ نے اب ہالینڈ میں واقع سعودی ایبیسی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح ایمبیسی کی عمارت پر فائرینگ کی گئی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کے جانی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی۔

عالمی نیوز ایجنسی کے مطابق مقامی پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سعودی سفارت خانے کے باہر نامعلوم شخص کی جانب سے متعدد فائر کیے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ پر آنے والی ویڈیو اور تصاویر میں سعودی سفارت خانے کی کھڑکیوں پر گولیوں کے نشانات واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کو جائے وقوع سے گولیوں کے 20 خول ملے ہیں تاہم پولیس کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
سعودی عرب نے واقعے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے نیدر لینڈز میں اپنے شہریوں کو اضافی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں غیرمسلموں کے قبرستان میں ہونے والے بم دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ بم دھماکے کے وقت قبرستان میں جنگ عظیم اول کے اختتام کی یاد میں تقریب جاری تھی جس میں فرانسیسی قونصل خانے کے اہلکار سمیت متعدد یورپی ممالک کے قونصلر اور سفارتی اہلکار موجود تھے۔
دی ہیگ پولیس کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر اس واقعے سے متعلق کسی کو کوئی معلومات ہیں تو وہ ضرور رابطہ کرے۔

50% LikesVS
50% Dislikes