پاکستان پریس کلب برطانیہ کا آن لائن اجلاس، ممبرشپ سکروٹنی اورسالانہ انتخابات سمیت متعدد امور پر غور – Kashmir Link London

پاکستان پریس کلب برطانیہ کا آن لائن اجلاس، ممبرشپ سکروٹنی اورسالانہ انتخابات سمیت متعدد امور پر غور

لندن (عمران راجہ) برطانیہ سمیت اوورسیز میں پاکستانی صحافیوں کے سب سے بڑے اور معتبر پلیٹ فارم پاکستان پریس کلب برطانیہ کا ایگزیکٹیو اجلاس صدر مبین چوہدری کی قیادت میں ہوا، برطانیہ میں کورونا پابندیوں کی وجہ سے یہ اجلاس بھی آن لائین ہوا جس میں ایگزیکٹیو باڈی کے ارکان کی حاضری کی شرح نوے فیصد رہی۔
اجلاس کا آغاز فنانس سکریٹری رفیق مغل کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، نظامت جنرل سیکریٹری ارشد رچیال نے کی اور شرکا کو ایجنڈے بارے آگاہی دی۔ انہوں نے بتایا آج کی میٹنگ میں سالانہ جنرل کونسل کے انعقاد، سالانہ الیکشن کے حوالے سے تجاویز اور قبل از انتخابات ممبرشپ پڑتال بارے گفتگو ہوگی۔

اجلاس میں طے پایا کہ جنرل کونسل سے قبل4اپریل2021کو ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا اور4اپریل سے قبل تمام ریجنل کلب اپنی ممبر شپ کی پڑتال بمعہ نادرہ کارڈ مکمل کر کے مرکزی سیکرٹری جنرل کو ارسال کریں گے تاکہ وہ چار اپریل کے اجلاس میں پیش کیئے جاسکیں۔
اجلاس میں طے پایا کہ مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس11اپریل2021کو شام5بجے بلایا جائے جس میں سالانہ انتخابات بارے سب کی رائے لی جائے گی اور ہاں کی صورت میں طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔
اس موقع پر چند دوستوں کی طرف سے ای الیکشن کوسراہا گیا لیکن کچھ دوستوں نے کورونا کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن کو دسمبر2021میں کروانے کا مشورہ دیا جس پر صدر صاحب نے انہیں بتایا کہ ای الیکشن بھی کورونا کومد نظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے اسی لئے پاکستان پریس کلب کی جمہوری روایات کو برقرار رکھنے کیلئے الیکشن پرزور دیا گیا۔
اجلاس میں لیٹ الیکشن پر یہ بھی سوال ہوا کہ اپریل کے آخر یا مئی میں ہونے والے انتخابات کی مدت کیا ہو گی؟

اس پر صدر صاحب نے کہا کہ الیکشن کی مدت ایک سال ہو گی لیکن ایک دو ماہ کا فرق آتا ہوا تو جنرل کونسل کے مشورے سے آئندہ دسمبر میں بھی کروائے جا سکتے ہیں۔
اجلاس میں پریس کلب برانچز کی کارکردگی اور انکے انتخابی عمل کو بھی زیربحث لایا گیا اور تجاویز لی گئیں کہ برانچز کی مدت دو سال کردی جائے یا ایک سال ہی رکھی جائے، برانچز کے انتخابات کے عمل کو آئیندہ چار اپریل کے اجلاس کیلئے چھوڑ دیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان پریس کلب برطانیہ کی تمام ریجنل برانچز کے صدور کو اپنیاپنی فہرستوں کی پڑتال کا حکم دیا گیا جس میں غیر فعال ممبرز کو وقتی طور پر معطل کرنے اور فعال ممبران کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ہدایت کی گئی، ریجنل برانچز کے صدور4اپریل تک اپنی فہرستیں مکمل کر کے سیکرٹری جنرل کو پیش کریں گے ان فہرستوں کی حتمی پڑتال صدر،سیکرٹری جنرل مکمل کریں گے جسی بعد ازاں جنرل کونسل میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں نائب صدر مرزا آفتاب بیگ نے بھی سکروٹنی کو شفاف اور مکمل کرنے پر زور دیا جوائنٹ سیکرٹری راجہ مسرت اقبال کی تجویز تھی کہ پڑتال مکمل کئے بغیر الیکشن نا کروائے جائیں۔
آخر میں فوت شدگان اور عالمی وبا کورونا میں مبتلا دوستوں اور کل انسانیت کیلئے دعا کی گئی۔
اجلاس میں صدر مبین چو ہدری،سینئر نائب صدر شیراز خان،نائب صدر میر اکرام،نائب صدر مرزا آفتاب بیگ،جنرل سیکرٹری ارشد رچیال،جوائنٹ سیکرٹری،راجہ مسرت اقبال،فنانس سیکرٹری محمد رفیق مغل،پریس سیکرٹری نادیہ راجہ،ممبران مجلس عاملہ راجہ اسرار،زاہد نور،کشور عباسی،اسرار راجہ جیو،ماجد نذیر،عمران راجہ، فرحت شاہ اور شفقت مرزا نے شرکت کی۔ جبکہ عدیل خان نے علالت کی وجہ سے پہلے ہی معذرت کرلی تھی۔

50% LikesVS
50% Dislikes