برطانیہ بھر سے پاکستانی نژاد برٹش سیاستدانوں نے میئرز اور ڈپٹی میئر کے حلف اٹھا لیئے – Kashmir Link London

برطانیہ بھر سے پاکستانی نژاد برٹش سیاستدانوں نے میئرز اور ڈپٹی میئر کے حلف اٹھا لیئے

لندن (اکرم عابد) اس امر میں کوئی شک نہیں کہ برطانیہ میں مقیم پاکستان سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز نے ہر شعبی ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، صادق خان نے میئر آف لندن کا معرکہ جیتنے کے بعد ایسی راہ ہموار کی کہ اس سال ملک بھر سے درجن کے قریب میئرز اور ڈپٹی میئر بننے میں کامیاب ہوگئے۔

کونسلر منیر احمد نے لندن کی ایلنگ بارو سے میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے وہ اس سے قبل اسی بارو کے ڈپتی میئر بھی رہ چکے ہیں انکا تعلق پنجاب کے شہر گجرات سے ہے۔ انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں مبارک باد کے پیغامات بھیجے، انکا کہنا تھا کہ میں آپ سب کے محبت بھرے پیغامات کا مشکور ہوں اور حالات جیسے ہی بہتر ہوتے ہیں سب سے ملاقاتیں رہیں گی۔

کونسلر محمود حسین کو لندن سے ملحق ٹائون لوٹن سے میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، سادہ طبیعت کے مالک محمود حسین لوٹن کی ہردلعزیز شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔ اسی بارو سے سینیئر کونسلر اسلم خان کو ڈپٹی میئر چنا گیا ہے جو اگلے سال میئر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
لندن کے ہی ملحق علاقے سلائو سے کے لیبر کونسلر چوہدری محمد نذیر مئیر آف سلاو منتحب ہوگئے ہیں جبکہ کونسلر جاوید اقبال کو پریسٹن کا پہلا پاکستانی میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، انکا تعلق جہلم سے ہے۔

لیڈز سے لیبر پارٹی کے اہم رکن کونسلر اصغر خان نے اس سال میئر آف لیڈز کا عہدہ سنبھالا ہے اس سے قبل وہ پارلیمنٹ کیلئے الیکشن لڑ چکے ہیں۔ اصغر خان لیبر پارٹی میں ایک ٹیلنٹڈ ممبر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے بھی دوست احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا سے چھٹکارے کے بعد وہ سب سے ملاقاتیں کرکے اپنے جذبات ان تک پہنچائیں گے۔ انکا تعلق آزاد کشمیر ہے۔

لیڈز سے ملحق انگلینڈ کے اہم شہر بریڈفورڈ سے کونسلر شبیر حسین کو میئر آف بریڈفورڈ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے وہ اس سے قبل ڈپٹی میئر کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔
گریٹر مانچسٹر کی راچڈیل بارو کونسل سے نوجوان متحرک شخصیت کونسلر عاصم رشید کو میئر بننے کا شرف حاصل ہوا ہے وہ بھی اس سے قبل ڈپٹی میئر کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں انکا تعلق لاہور سے ہے۔

لندن کی معروف بارو کونسل ہنسلو سے کونسلر حنا میر کو ڈپٹی میئر بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ پیشے کے لحاظ سے وہ ایک کامیاب وکیل ہیں اور انکا تعلق بھی لیبر پارٹی سے ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes