پاکستانی ہائی کمشنر کی برٹش پاکستانی صحافیوں کو مختلف کاموں اور کارکردگی بارے خصوصی بریفنگ – Kashmir Link London

پاکستانی ہائی کمشنر کی برٹش پاکستانی صحافیوں کو مختلف کاموں اور کارکردگی بارے خصوصی بریفنگ

لندن (عمران راجہ) کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان ہائی کمیشن لندن کے برطانیہ میں مقیم کمیونٹی سے رابطوں پر بھی خاصا فرق پڑچکا تھا جسے دور کرنے کیلئے ہائی کمشنر معظم احمد خان نے خصوصی اقدامات کئے ہیں، اس سلسلے میں فوری طور پر عوام سے ضروری ملاقاتیں، کھلی کچہریوں اور صحافیوں کو بریفنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔

برٹش پاکستانی صحافيوں کے اعزاز ميں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد کی جانب سے منعقدہ بریفنگ میں کرورنا وائرس کے دوران کاموں اور کارکردگی سے آگاہی دی گئی۔اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ کوویڈ 19 وبائی امراض سے لاحق چیلنجوں کے باوجود پاکستان کی معیشت بہتر ی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے ویزا سروس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اب اگر کسی کو ایمرجنسی ویزہ چاہیے ہوگا تو ہم نے اس امر کو یقینی بنایا ہے کہ اسی دن ویزا ایشو ہو جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پراپرٹی کے حوالے سے جو مشکلات درپیش ہیں اس حوالے سے ایمبیسی میں ایک علیحدہ سے آفیسر تعینات کیا گیا ہے جو اس قسم کی شکایات کو ڈیل کرے گا ۔

ہائی کمشنر نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی بندش کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ حکومت برطانیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں انہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ،کشمیر پالیسی، معیشت، ترسیلات زر، کاروباری افراد کے مسائل اور دوسرے دیگرامور پر بھی ہونے والی ہائی کمیشن کی کوششوں سے صحافیوں کو آگاہ کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری پریس منیر احمد نے اس موقع پر کہا کہ اب ہر کوارٹر اس طرح کی میٹنگ ہوا کریں گی۔

اس سے قبل پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے کمیونٹی کے ساتھ ایک ورچوئل کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ،اس موقع پر اپنے خطاب میں ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ریکارڈ ترسیلات زر وطن بھیجنے پر برٹش پاکستانی لائق تحسین ہیں۔کھلی کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ، ہائی کمیشن باقاعدگی سے ورچوئل کھلی کچہری کے ذریعےپاکستانی کمیونٹی تک رسائی حاصل کر کے ان کے مسائل حل کرتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام یہ پانچویں ورچوئل کھلی کچہری منعقد کی گئی۔ ورچوئل کھلی کچہری کےدوران پاکستانی کمیونٹی کے افرادنے ویزا ، نائیکوپ اور پاسپورٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور مفید تجاویز پیش کیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes