لندن، اونٹاریو میں دہشت گردی کا شکار ہونے والی مسلم فیملی کیلئے دنیا بھر سے دکھ اور غم کا اظہار – Kashmir Link London

لندن، اونٹاریو میں دہشت گردی کا شکار ہونے والی مسلم فیملی کیلئے دنیا بھر سے دکھ اور غم کا اظہار

لندن (کشمیر لنک نیوز) دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانی کمیونٹی نے باالعموم اور امریکہ و کینیڈا میں مقیم کمیونٹی نے دہشت گردی کے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جسکے نتیجے میں ایک مسلمان خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

 پاکستانی خاندان کی یاد میں اجتماع ہوا جس میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، میئر اونٹاریو اور اپوزیشن لیڈروں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔  اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ خطرات کا شکار کمیونٹیز کا تحفظ کیا جائےگا اور منافرت کا مقابلہ کریں گے، دائیں بازو کے انتہا پسندگروہوں کو دہشتگردوں کی فہرست میں ڈالاجائےگا، ہم مل کرایکشن لیں گے اور اکٹھے آگے بڑھنے کا راستہ نکالیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وقوعےکے تیسرے روز مقامی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ڈرائیور نے تیز رفتار ٹرک کو پانچ افراد پر چڑھایا دیا تھا جس میں سے چار افراد ہلاک ہوگئے اور ایک بچہ شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔ انہیں صرف اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ وہ مسلمان تھے۔

حکام نے بتایا کہ اونٹاریو واقعے کے بعد قریبی مال کی پارکنگ سے ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے، جس نے مسلمان خاندان کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔20 سالہ نیتھنیل ویلٹ مین کو فرسٹ ڈگری قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک 74 سالہ خاتون ، 46 سالہ مرد ، ایک 44 سالہ خاتون اور ایک 15 سالہ لڑکی شامل ہیں۔ ایک 9 سالہ لڑکے کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق اہل خانہ کی استدعا پر نام جاری نہیں کئے گئے۔

اونٹاریو لندن کے میئر ایڈ ہولڈر نے کہا کہ یہ مسلمانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر قتل عام کا ایک واقعہ تھا۔ اس کی بنیاد ناقابل بیان نفرت ہے۔ اس قدر نفرت کی شدت ایک سوال پیدا کر سکتی ہے کہ ہم ایک شہر کی حیثیت سے کون تھے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس واقعے کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes