برطانیہ میں عیدالاضحیٰ اور پابندیوں میں نرمی ایک ہی وقت میں آنے پرعوام کو محتاط رہنے کی اپیل – Kashmir Link London

برطانیہ میں عیدالاضحیٰ اور پابندیوں میں نرمی ایک ہی وقت میں آنے پرعوام کو محتاط رہنے کی اپیل

لندن (کشمیر لنک نیوز) برطانیہ میں عیدالاضحیٰ اور پابندیوں میں نرمی بہ یک وقت پیش آنے پر محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں مسلمانوں کی ویکسین لینے، کورونا وائرس ٹیسٹ کرانے اور ماسک پہننے کے لیے حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، جب اگلے ہفتے عیدالاضحی منائی جائے گی اور کورونا وائرس کی بیشتر پابندیاں بھی اٹھالی جائیں گی۔چیرٹیز اور طبی اداروں سے کہا گیا ہے کہ و ہ اگلے ہفتہ سے شروع ہونے والے اسلامی تہوار کی وجہ سے محتاط ہوجائیں۔ عیدالاضحی منانے کا دارو مدار چاند نظر آنے پر ہے۔

اسی اثنا میں پیر کو انگلینڈ میں بیشتر قانونی پابندیاں اٹھائی جارہی ہیں۔ مسلمان روایتی طور پر مساجد میں خصوصی عبادت کرکے تہوار مناتے ہیں اور فیملی و دوستوں کے ہمراہ کھانا کھاتے ہیں۔ تاہم کیسز میں اضافے اور پابندیوں میں مزید نرمی کے پیش نظر ان سے کہا گیا ہے کہ وہ تہوار محدود طریقے سے منائیں۔

مسلم ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر حنا شاہد نے کہا ہے کہ میں ہر ایک کی حوصلہ افزائی کررہی ہوں کہ وہ ویکسین لیں تاکہ اپنے پیاروں کے ہمراہ عید کا تہوار مناتے ہوئے خود کو محفوظ محسوس کریں۔ اندرونی اور بیرونی طور پر منائی جانے والی خوشیاں دونوں مسلم خاندانوں اور افراد پر اثر اندا ہوں گی، جس کے پیش نظر میں دوبارہ اس بات پر زور دوں گی کہ عیدالاضحی محدود اور محفوظ انداز سے منائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی میں کوویڈ۔19انفیکشن کے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کا مشاہدہ انفیکشن پھیلنے کی رفتار میں اضافہ سے ہوسکتا ہے۔

این ایچ ای س ریس اینڈ ہیلتھ آبزرویٹری کے ڈائریکٹر داکٹر حبیب نقوی نے کہا ہے کہ تہوار کے موقع پر خود کو محفوظ رکھنے کا مطلب معمول کی مذہبی اور ثقافتی سرگرمیاں جاری رکھنا ہے۔ اسلامک ریلیف نے تہوار منانے والوں سے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے مسلم کونسل آف بریٹن کی جانب سے جاری کیے گئے ہدایت نامہ پر عمل کریں۔

50% LikesVS
50% Dislikes