مسلم کمیونٹی کی ویکسینیشن کے لئے این ایچ ایس کومزید رضاکاروں کی ضرورت – Kashmir Link London

مسلم کمیونٹی کی ویکسینیشن کے لئے این ایچ ایس کومزید رضاکاروں کی ضرورت

لندن (کشمیر لنک نیوز) این ایچ ایس کے رضاکار ویکسین لگانے کیلئے مسلم کمیونٹی تک پہنچ رہے ہیں لیکن این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ اسے مسلم کمیونٹی کو ویکسین لگانے کیلئے مزید اسٹیوارڈ رضاکاروں کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس سے اپنے آپ کو اور اردگرد کے لوگوں کو محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ ویکسین لگوانا ہے اور رضاکار اس کام میں ویکسین لگانے کے مقامات پر طبی عملے کی مدد اور ویکسین لگوانے کیلئے آنے والوں کو بحفاظت اور سکون کے ساتھ ویکسین لگوانے میں معاونت کرسکتےہیں۔

رضاکار ویکسین لگانے کے مقام پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ایسے لوگوں کی نشاندہی کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، جن کو اضافی سپورٹ کی ضرورت ہو۔ این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ رضاکاروں کا تحفظ ترجیحات میں شامل ہے اور شفٹ شروع ہونے سے قبل اس حوالے سے مکمل بریفنگ دی جاتی ہے، جو لو گ اسٹیوارڈ رضاکار کی حیثیت سے خدمات انجام دینا چاہیں، وہ http://www.nhsvolunteerresponders.org.uk پر رجوع کرسکتے ہیں، شفٹ عام طورپر 6 گھنٹے کی ہوتی ہے اور اس حوالے سے ہونے والے اخراجات ادا کردیئے جاتے ہیں، اس کیلئے کسی تجربے یا تعلیم کی کوئی قید نہیں ہے۔

این ایچ ایس کا والنٹیئر ریسپونڈرز پروگرام این ایچ ایس نے قائم کیا ہےاور یہ رائل والنٹیری سروس اور GoodSAM والنٹیئر ز کے ذریعے کام کر رہا ہے۔ رضاکارانہ خدمات انجام دینے کے خواہاں افراد موبائل فون کی ایک ایپ کے ذریعے یہ بتاسکتے ہیں کہ وہ کب اور کس شفٹ میں کام کرنا چاہتے ہیں۔ سال کے آغاز میں رمفورڈ کے محمد خطیب نے اسٹیوارڈ رضاکار بننا قبول کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک مسلمان کی حیثیت سے میں نے محسوس کیا کہ رضاکارانہ خدمات کی انجام دہی بڑی اہمیت رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ میری طرح دیگر لوگ بھی اس کام میں شریک ہوں اور دیکھیں ہم اس عظیم ملک کے شہری کیسے ہیں اور ہم دوسروں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بعض لوگ ویکسی نیشن کرانے سے ہچکچاتے ہیں لیکن اسٹیوارڈ رضاکار کی حیثیت سے ہم ان لوگوں کویقین دلا سکتے ہیں کہ ویکسین سے ڈرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے اور یہ درست ہے۔ این ایچ ایس انگلینڈ میں کورونا ویکسین ڈیولپمنٹ پروگرام کے ایس آر او پروفیسر سر کیتھ ویلٹ نے کہا ہے کہ اب تک جو لوگ ویکسین لگانے کے عمل میں معاونت کرنے کیلئے سامنے آئے ہیں، ہم ان سب کے شکرگزار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کیلئے رضاکارانہ خدما ت انجام دینے والے اہم ذمہ داری ادا کررہے ہیں اور وہ اس پروگرام کی کامیابی میں شریک ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے رضاکار عملے کے ارکان کو دوسرے کاموں کی انجام دہی کیلئے فارغ کرکے اہم خدمت انجام دے رہے ہیں اور اس نازک موقع پر ہمیں ان رضاکاروں کی پہلے کے مقابلے میں زیادہ ضرورت ہے تاکہ ہم تمام لوگوں کو ویکسین لگوانے کو یقینی بناسکیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes