عوامی مسائل کے حل کے لئے پاکستان ہائی کمیشن لندن کا ورچوئل کھلی کچہری کا انعقاد – Kashmir Link London

عوامی مسائل کے حل کے لئے پاکستان ہائی کمیشن لندن کا ورچوئل کھلی کچہری کا انعقاد

لندن (اکرم عابد ) پاکستان ہائی کمشنر معظم احمد خان نے برٹش پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ 8 ویں ورچوئل کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہر ماہ ہائی کمیشن میں ورچوئل کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے پاکستان میں ویزوں ، NICOPs ، POCs ، پاسپورٹ اور پراپرٹی کے معاملات کے حوالے سے اپنے مسائل بیان کیے۔ ہائی کمشنر نے کچھ مسائل کو فوری طور پر حل کرتے ہوئے ، انہیں یقین دلایا کہ باقی مسائل پاکستان میں متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔ ہائی کمشنر نے بیرون ملک مقیم اراکین کی جانب سے خدمات کی بہتری کے لیے دی گئی تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا۔

کھلی کچہری کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے افراد خاص طور پر یہ جاننے کے خواہشمند تھے کہ پاکستان کو سفر کے لیے برطانیہ کی ریڈ لسٹ سے کب نکالا جائے گا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ اس حوالے سے متعلقہ برطانیہ کے حکام سے رابطے میں ہیں اور پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنا ان کی ترجیح ہے۔

کھلی کچہری میں کمیونٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے پاکستان ہائی کمیشن میں ورچوئل کھلی کچہری کے اقدام کو سراہا اور اسے کمیونٹی کی سہولت کے لیے ایک مفید پلیٹ فارم قرار دیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes