صحت کے شعبہ میں بے مثال کارکردگی، پاکستانی ڈاکٹر نے ایک لاکھ ڈالرز مالیت کا انعام جیت لیا – Kashmir Link London

صحت کے شعبہ میں بے مثال کارکردگی، پاکستانی ڈاکٹر نے ایک لاکھ ڈالرز مالیت کا انعام جیت لیا

لندن (عمران راجہ) صحت کے شعبہ میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستانی ڈاکٹر نے ایک لاکھ امریکی ڈالرز مالیت کا انعام جیت لیا۔

تفصیلات کے مطابق شواہد اور ڈیٹا کے اختراعی اطلاق کے ذریعے عوامی صحت کے شعبے میں نمایاں کارکردگی پر دنیا کا سب سے بڑا رُوکس ایوارڈ اس سال پاکستان کے پروفیسر ذوالفقار بُھٹہ کو ملا ہے۔ پروفیسر بُھٹہ کو 2021ء کا رُو انعام عوامی صحت کے شعبے میں عدم مساوات کو کم کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

پروفیسر بُھٹہ آغا خان یونیورسٹی میں سینٹر آف ایکسیلنس اِن ویمن اینڈ چائلڈ ہلیتھ اور انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ ڈیویلپمنٹ کے بانی ڈائریکٹر ہیں۔ وہ بیمار بچوں کے گلوبل چائلڈ ہیلتھ سِک کڈز سینٹر کے مشترکہ ڈائریکٹر بھی ہیں۔ زچہ بچہ صحت میں بہتری کے لیے تیار کردہ عالمی پالیسی میں پروفیسر بُھٹا کا نمایاں کردار رہا ہے۔ اُن کے کام کا مرکز نوزائیدہ بچوں کی شرحِ اموات کو کم کرنے اور اُنہیں غذائی قلت سے بچانے پر رہا ہے۔

خاص طور پر غریب اور دُور افتادہ آبادیوں کو صحتِ عامہ کی فراہمی، وہاں عدم مساوات کو کم کرنے اور سورش زدہ علاقوں اور ہنگامی صورت حال میں زچہ بچہ صحت کو ترجیحی توجہ دلانے میں پروفیسر بُھٹا کا انتہائی اہم کردار رہا ہے۔ نوزائدہ بچوں اور ماؤں میں غذائی کمی کو دور کرنے کے لیے درکار حکمت عملی پر عالمی اتفاقِ رائے قائم کرانے اور اس حوالے سے عالمی ادارہِ صحت کی پالیسی اور فنڈنگ ترجیحات طے کرانے میں اُن کی مطبوعات مرکزی اہمیت کی حامل رہی ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes