برٹش پاکستانی سید طارق محمود الحسن کو اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کا وائس چیئرمین تعینات کردیا گیا – Kashmir Link London

برٹش پاکستانی سید طارق محمود الحسن کو اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کا وائس چیئرمین تعینات کردیا گیا

لندن (اکرم عابد) برطانیہ میں مقیم سماجی، سیاسی و کاروباری شخصیت مخدوم سید طارق محمود الحسن کو اوورسیز پاکستان کمیشن پنجاب کا وائس چیئرمین تعینات کردیا گیا ہے۔ مخدوم محمودالحسن بزنس پروفائل رکھنے کیساتھ ساتھ ایک ماہر قانون دان اور برطانیہ میں مختلف فلاحی تنظیوموں کے رکن بھی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب جو کہ خود اس کمیشن کے چیئرمین ہیں کی منظوری سےایڈیشنل چیف سیکریٹری نےاس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ انہیں وسیم اختر رامے کی جگہ اوورسیز پاکستان کمیشن پنجاب کا وائس چیئرمین لگایا گیا ہے۔

سید طارق محمود الحسن انٹرنیشنل ریلشنز پر دو کتابوں کے مصنف اور ایل ایل ایم اور نارتھمپٹن یونیورسٹی (برطانیہ) ​​سے بزنس کی ڈگری کے حامل ہیں۔ وہ عالمی تھنک ٹینکس کے رکن رہ چکے ہیں اور انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز ، رائل کامن ویلتھ سوسائٹی ، چاتھم ہاؤس ، اور رائل سوسائٹی آف آرٹس کے فیلو بھی ہیں۔

اپنی تعیناتی پر سید طارق محمود الحسن کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر مکمل اعتماد کیا اور اہم ذمہ داری سونپی۔ میں اوورسیز میں کافی سال رہنے کے بعد ان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اور حتی المقدور ان کے حل کے لیے دن رات کام کروں گا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں. میرا دل پوری دنیا کے پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، اور میں پر امید ہوں کہ او پی سی اپنے وژن کی تکمیل کے لیے بھر پور کام کرے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes