پاکستان ہائی کمیشن لندن کا نیشنل آرمی میوزیم میں پاکستان کے یوم دفاع کے حوالے سے تقریب کا انعقاد – Kashmir Link London

پاکستان ہائی کمیشن لندن کا نیشنل آرمی میوزیم میں پاکستان کے یوم دفاع کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

لندن (اکرم عابد) پاکستان 6 ستمبر 1965 کی یاد میں ہر سال یوم دفاع مناتا ہے۔ کیونکہ یہ وہ دن ہے جب پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے پوری قوم کے تعاون سے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے بے مثال بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ یہ دن ہماری بہادر مسلح افواج کی قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے ، شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے اور مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمارے ناقابل یقین عزم کی تصدیق کی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ہائی کمشنر نے نیشنل آرمی میوزیم لندن میں پاکستان کے یوم دفاع اور شہداء کے تقریب استقبالیہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس خصوصی تقریب میں 50 سے زائد ممالک کے دفاعی اتاشیوں انکے اہل خانہ، وزارت دفاع ، ایف سی ڈی او اور آئی ایم او کے عہدیداروں ، برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان ، دفاعی صنعت کے نمائندوں ، پاکستان مسلح افواج کے سابق فوجیوں ، پاکستانی کمیونٹی اورمیڈیا پرسنز اور تھنک ٹینک نے شرکت کی۔ پاکستان ہائی کمشنر معظم احمد خان نے برطانوی اور پاکستانی مسلح افواج کے درمیان دوستی کے مضبوط اور تاریخی تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ دفاعی تعلقات پاکستان برطانیہ دیرینہ دوستی کے مضبوط ستونوں میں سے ایک ہیں۔ ہائی کمشنر نے دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں رائل ملٹری ٹریننگ اداروں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ مشکل علاقائی حالات کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ امن کی کوشش کی۔ 05 اگست 2019 کے بھارت کے اقدامات کو یکطرفہ اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے پریشان حال لوگوں کی اقوام متحدہ کی سلامتی کے مطابق حق خود ارادیت کی جدوجہد میں مدد کے لیے تمام قانونی ، سفارتی اور اخلاقی ذرائع استعمال کرتا رہے گا۔

مہمان خصوصی برطانوی ایئر وائس مارشل الیسٹر سمتھ نے کہا کہ وہ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔اپنے استقبالیہ کلمات میں ، کموڈور جمال عالم ، دفاع اور بحریہ کے مشیر نے اس موقع کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور شہداء کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا کہ تمام مادر وطن کا اندرونی اور بیرونی جارحیت کے خلاف کامیابی سے دفاع کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن میں تعینات آرمی اور ایئر ایڈوائزر کرنل رانا محمد آصف خان نے تقریب کی نظامت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes