پاکستان ہائی کمیشن لندن میں کمیونٹی کی سہولت کے لئے جانشینی سرٹیفکیٹ کاؤنٹر کا افتتاح – Kashmir Link London

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں کمیونٹی کی سہولت کے لئے جانشینی سرٹیفکیٹ کاؤنٹر کا افتتاح

لندن (اکرم عابد) چیئرمین نادرا پاکستان، محمد طارق ملک نے ہائی کمشنر معظم احمد خان کے ہمراہ پاکستان ہائی کمیشن لندن میں جانشینی کے سرٹیفکیٹ کاؤنٹر کا افتتاح کیا۔

یہ سہولت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درخواست جمع کرانے کے 15 دن کے اندر اپنے جانشینی سرٹیفکیٹ پر کارروائی کرنے کے قابل بنائے گی۔ جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجراء کی سہولت کے پہلے مرحلے میں صرف پنجاب، سندھ اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی مستفید ہو سکیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل عدالتوں سے جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا تھا جس کے لیے پورے خاندان کو پاکستان جانا پڑتا تھا۔ اس کاؤنٹر کے اجراء سے فیملی کے صرف ایک فرد کو جانشینی سرٹیفکیٹ درخواست شروع کرنے کے لیے پاکستان جانا پڑے گا جبکہ خاندان کے باقی افراد ہائی کمیشن کے نادرا ونگ میں بائیومیٹرک کروا کر یا آن لائن خود اپنی رضامندی دیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ یہ سہولت شفاف ، محفوظ اور منظم انداز میں جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجرا کو یقینی بنائے گی جس سے ورثاء کو سہولت ملے گی۔

ہائی کمشنر معظم احمد خان نے پاکستان کے عام شہریوں کے لیے محفوظ اور موثر انداز میں بنیادی خدمات کو ڈیجیٹل بنانے میں چیئرمین نادرا اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ جانشینی سرٹیفکیٹ ایک مطلوبہ دستاویز ہے جو جانشین کو جاری کیا جاتا ہے جو منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی ملکیت کو قائم کرتا ہے۔

بعد ازاں ہائی کمشنر معظم احمد خان نے چیئرمین نادرا کو مشن کے قونصلر سروسز ونگ کا دورہ بھی کرایا۔

50% LikesVS
50% Dislikes