ملالہ یوسف زئی نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں، دنیا بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع – Kashmir Link London

ملالہ یوسف زئی نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں، دنیا بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع

لندن(کشمیر لنک نیوز)نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسف زئی نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں۔

ملالہ یوسف زئی نے اپنے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہیں۔اپنے بیان میں نوبیل انعام یافتہ پاکستانی نے کہا کہ آج میری زندگی کا ایک قیمتی دن ہے، عصر اور میں جیون ساتھی بن گئے ہیں۔ اس خبر کو عالمی میڈیا نے بھی بڑے اہتمام سے شائع کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے نکاح کی تقریب برمنگھم میں گھر میں ہوئی، نکاح کی تقریب میں ہمارے گھر والے شریک ہوئے ہیں۔ملالہ یوسف زئی نےیہ بھی کہا کہ ہمیں آپ سب کی دعاوں کی ضرورت ہے، ہم آئندہ زندگی میں سفر کیلیے پرجوش ہیں۔ ادھر ملالہ یوسف زئی کے نکاح کی خبر سن کر نا تھمنے والا مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

پاکستانی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے نکاح کی خبر پر وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔جمائما گولڈ اسمتھ کو ملالہ یوسف زئی کے عصر ملک سے نکاح کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملی۔

انہوں نے ٹوئٹر پر شمس جونیجو نامی خاتون کے ٹوئٹ پر تبصرے میں ملالہ یوسف زئی کے نکاح کی خبر پر ردعمل دیا۔جمائما نے اپنے پیغام کو ملالہ یوسف زئی اور ان کے والد ضیا الدین یوسفزئی کے ساتھ ہیش ٹیگ کیا۔جمائما گولڈ اسمتھ نے ملالہ یوسف زئی کو نکاح کی مبارک باد دی اور ماشا اللّٰہ کہا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے بھی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو نکاح پر مبارکباد دی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر آصفہ بھٹو زرداری نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ یہ دونوں اپنے آگے کی زندگی خوشیوں سے بھرپور گزاریں اور زندگی کے ہر موڑ پر ان پر رحمتوں کا سایہ رہے۔ ملالہ یوسفزئی کے والد نے بھی بیٹی کے نکاح پر اظہارِ تشکر کیا اور اسے اپنے لیے سب سے زیادہ خوشی کا موقع بھی قرار دیا تھا۔ عصر ملک جن سے ملالہ یوسف زئی رشتہ اذواج میں منسلک ہوئی ہیں، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں جنرل منیجر آپریشنز کے عہدے پر فائز ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes