مسلمان اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان پرغلبہ نہیں پاسکتی، پیر سید منور حسین شاہ – Kashmir Link London

مسلمان اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان پرغلبہ نہیں پاسکتی، پیر سید منور حسین شاہ

لندن (عمران راجہ) ممتاز عالم دین سجادہ نشین امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا ہےکہ ساری دنیا میں موجود ہونے کے باوجود مسلمان انتشار کا شکار ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ دین سے دوری ہے۔ اگر مسلمان اسلام کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان پر غلبہ نہیں پاسکتی اور نہ ہی مغرب میں بسنے والے بعض شرپسند اسلام کے خلاف بات کر سکتےہیں۔ مسلمانوں کو آپس کے اختلافات بھلا کر پیغمبر اسلام کے راستے کو اپنانا ہوگا۔ مسلمانوں میں نفاق سے دوسرے مذاہب کے لوگوں کو ہمارے مذہب کے خلاف باتیں کرنے کا موقع ملتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسٹ لندن کے علاقے الفورڈ جامع مسجد نور القرآن میں منعقدہ ایک عظیم الشان محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس میلاد کا اہتمام شیخ محمد عمران جماعتی اور ان کے صاحبزادے محمد صغیر جماعتی نے کیا تھا۔ محفل میں تلاوت کلام پاک قاری علی محمد نے کی جبکہ نظامت علامہ جمشید سعیدی اور چیئرمین مسجد محمد حبیب نے کی۔ رسول اکرمؐ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کرنے والوں میں سید نعمان حسین شاہ جماعتی، سید رشید حسین شاہ جماعتی، سید ابرار حسین شاہ اور علامہ تصدق رسول شامل تھے۔

اپنے خطاب میں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے یاد دلایا کہ اپنے اتحاد کے باعث سینکڑوں برس تک مسلمانوں نے دنیا کے بیشتر حصوں پر حکمرانی کی مگر آج انتشار کی وجہ سے ان کی حالت ابتر ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل مغرب اور یورپی ممالک کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ مسلمانوں کے دلوں کی دھڑکنیں رسول کریمؐ کے نام کی برکتوں سے چلتی ہیں۔ اسلام ایک پرامن دین ہے اور اس نے ہمیشہ امن و محبت کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقین خواہ کتنی بھی سازشیں کرلیں وہ اسلام کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو خود بھی سیدھے راستے پر چلنا ہوگا اور اتحاد کو برقرار رکھنا ہوگا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے آخر میں امت مسلمہ اور پاکستان کی خوشحالی و امن کے لئے دعا بھی کرائی، محفل میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes