عمران خان کو اقتدار میں لانے والوں کو بھی سمجھ آگئی ہے کہ ان سے غلطی ہوگئی ہے؛ اسحاق ڈار – Kashmir Link London

عمران خان کو اقتدار میں لانے والوں کو بھی سمجھ آگئی ہے کہ ان سے غلطی ہوگئی ہے؛ اسحاق ڈار

لندن (اکرم عابد) ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے ہم نے روزانہ انیس بیس گھنٹے کام کیا، مشکلات ہمیں بھی ملی تھیں لیکن ہم نے ان مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے ملکی معیشت کو سہارہ دیا مگر افسوس کہ دن رات کنٹینر پر چڑھ کر ناچ ناچ کر یہ دعوے کرنے والا کہ بس ایک بار مجھے اقتدار دیدو راتوں رات سب ٹھیک کردونگا، کبھی عوام کو ایماندار وزیر اعظم کا خواب دکھایا گیا تو کبھی باہر پڑے دوسوارب واپس لانے کا لیکن حقیقت یہ ہے کہ آج پاکستانی عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر اس حکومت کو بددعائیں دے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے منعقدہ پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں کیا جسکے مہمان خصوصی سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق دار تھے۔ اس موقع پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اشیائے ضرورت کی بڑھتی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔ پاکستان میں عوام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی کی صورت میں درپیش ہے۔ ہم مہنگائی کو اپنے5سالہ دور میں چار فیصد پر لے آئے تھے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ موجودہ نااہل حکومت نے پاکستان کی کرنسی کی قدر میں کمی کی ہے، جو ڈالر115روپیہ پر چھوڑا تھا۔ کیئر ٹیکر حکومت کے دور میں ڈالر122پر گیا اور پھر یہ اس178روپیہ پر لے آئے ہیں۔ شرح سود بڑھاکر یہ آسمان پر لے گئے۔ ان کا گورنس پر کوئی کنٹرول نہیں۔ پاکستان دنیا کے 20 ممالک میں شامل ہونے والا تھا جبکہ اب اس کا نمبر54واں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کی منصوبہ بندی دس برس قبل شروع کردی گئی تھی اور ملک جب بھی ترقی کرتا ہے تو کچھ قوتیں سرگرم ہوجاتی ہیں لیکن اب عمران خان کو لانے والوں کو بھی سمجھ آگئی ہے کہ ان سے غلطی ہوگئی ہے۔

صدر مسلم لیگ ن برطانیہ زبیر گل نے کہا کہ نوازشریف ہی ان مشکل حالات میں پاکستان کی امید ہیں۔ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنا چاہتی ہے جوکہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض بیرسٹر عابد حسین نے سرانجام دیے۔ آخر میں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں آزاد کشمیر مسلم لیگ ن کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی شریک تھی جبکہ شعبہ خواتین سے بیگم نوادر اور انکی صاحبزادی سلک لودھی نے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes