بھٹو خاندان کی قربانیوں سے ملک میں جمہوریت قائم ہے، پیپلز پارٹی لندن کے زیراہتمام تقریب – Kashmir Link London

بھٹو خاندان کی قربانیوں سے ملک میں جمہوریت قائم ہے، پیپلز پارٹی لندن کے زیراہتمام تقریب

لندن(رپورٹ: مونا بیگ) شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی 14ویں برسی پی پی پی گریٹر لندن کے تحت ریڈنگ میں عقیدت و احترام سے منائی گئی، جس کا اہتمام میاں سلیم صدر پیپلزپارٹی گریٹر لندن نے کیا۔ تقریب سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی عملی سیاست اور بھرپور جدوجہد پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو جمہوریت کی علامت کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیوں کہ بھٹو خاندان کی قربانیوں سے ملک میں جمہوریت قائم ہے۔ انہوں نے میاں سلیم اور راجہ افتخار کا محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو کا ساتھ دینے کی تلقین کی۔

محسن باری صدر پیپلزپارٹی برطانیہ نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کے پاس کس چیز کی کمی تھی لیکن انہوں نے عوام کی خاطر اور ملک میں جمہوریت اور آمریت کی جنگ میں اپنی قیمتی جان کی قربانی دے دی، آج آصف علی زرداری جب اپنے اکلوتے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کو میدان جنگ میں دیکھتے ہیں تو ان کا حوصلہ ہے کہ بھٹو خاندان کی قربانیاں دیکھتے ہوئے بھی وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ادھورے مشن کو پورا کرنے کیلئے پُر عزم ہیں اور جان کی پروا نہیں کررہے۔ میاں سلیم نے کہا کہ ہم نے اپنی ساری زندگی پیپلزپارٹی کو دے دی اور جب تک زندگی ہے بھٹو ازم پر عمل کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت پر ہر آنکھ اشکبار تھی لیکن ہم نے ان کے ادھورے مشن کی تکمیل کیلئے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو کا تن من دھن سے ساتھ دینا ہے، پاکستان کو لبرل اور پروگریسو ریاست بنانے کےلئے عوام کو پیپلزپارٹی کا ساتھ دینا ہوگا ورنہ ملک شدت پسندی، دہشت گردی اور تعصب سے نہیں نکل پائے گا۔

ابرار میر سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی یورپ نے کہا کہ یہ ہماری شہید قائد محترمہ بینظیر بھٹو کی تربیت کا نتیجہ ہے کہ ان کی چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو نئی نسل کیلئے پولیو سے بچائو کی مہم کا دن رات ایک کرکے اہم ترین فریضہ انجام دے رہی ہیں اور نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو بھی اپنی تعلیم مکمل کرکے عملی سیاست میں آگئے ہیں،انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے کا مقصد ہی ملک کے پسے ہوئے طبقے ، کسان ،ہاری کےلئے حقوق کی جدوجہد جاری رکھناہے،اب ہر سمندر پار پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کو ووٹ دے تاکہ ملک کو سنگین درپیش مسائل سے نکالا جاسکے۔ OBE مشتاق لاشاری چیئرمین تھرڈ ورلڈ سالیڈیرٹی نے کہا کہ محترمہ شہید بینظیر بھٹو سے ہماری کئی اعتبار سے قربت تھی بلکہ بحیثیت عورت محترمہ نصرت بھٹو اپنے وقت میں سیلاب زردگان کی چیئرپرسن تھیں، پیپلزپارٹی نے عورت کو پاکستان میں اس کا مقام دلوایا۔

تقریب سے آصف علی خان صدر پیپلز یوتھ یورپ، حفیظ بلوچ صدر لیبر ونگ، عمر میمن ایڈیشنل سیکرٹری، راجہ سکندر چیئرمین گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل، سابق کونسلر زاہدہ نوری، سینئر رہنما پیپلزپارٹی سلطان حیات، عارف مغل صدر پیپلز لائرز فورم، خالد جدون نائب صدر یوکے، اصغر خان سابق سیکرٹری جنرل ریڈنگ، خاقان مرزا سیکرٹری جنرل لیبر ونگ، اسد نواز نائب صدر گریٹر لندن، ڈاکٹر خالد باجوہ سینئر رہنما ریڈنگ، محمد سرفراز ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری گریٹر لندن نے بھی خطاب کیا اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد اور قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں خواتین کی کثیر تعداد جس میں مس مونا، مہوش، مس سمیرا، مس افشین اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، سخت سردی اور شدید بارش کے باوجود حاضرین میں جوش خروش عروج پر رہا اور شہید قائدین پر عقیدت کے پھول نچھاور کرتے رہے۔ نظامت کے فرائض راجہ افتخار جنرل سیکرٹری، چوہدری نثار جوائنٹ سیکرٹری اور فخر عمران انفارمیشن سیکرٹری گریٹر لندن نے انجام دئیے جب کہ شہید قائدین و شہید کارکنان کے لئے دعا حافظ ہارون عباسی نے کی۔ ہدیہ نعت پاکستان سے آئے ہوئے نوجوان نعت خواں عثمان علی نے پیش کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes