ایسیکس بیم لیبر کی تقریب، نسلی اقلیت کے لوگوں کی برطانیہ میں کی جا نیوالی کوششوں کو خراج تحسین – Kashmir Link London

ایسیکس بیم لیبر کی تقریب، نسلی اقلیت کے لوگوں کی برطانیہ میں کی جا نیوالی کوششوں کو خراج تحسین

لندن (عمران راجہ) ایسیکس BAME لیبر نیٹ ورک کے زیر اہتمام ایک خصوص تقریب کا انعقاد لندن کے نواحی علاقہ ساؤتھ اینڈ میں کیا گیا جس کی صدار ت تنظیم کے چیئرپرسن شاہد ندیم نے کی۔ اس تقریب کا مقصد بلیک، ایشین اور نسلی اقلیت کے لوگوں کی برطانیہ میں کی جانے والی کوششوں کو سراہنا تھا۔تقریب میں کونسلرمارٹن بیری، کونسلرکے مچل سمیت دیگر ممتاز سیاسی و سماجی کارکنان، شاعروں، فنکاروں، اداکاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد ندیم، اسٹینڈ اپ ٹو ریسزم ساؤتھ اینڈ کی نمائندہ کلیئروارم لینڈ، سماجی تنظیم کاسٹ کے سٹینفورڈ بیٹل، یونیسن یونین کی گلوریا لاٹن، ساؤتھ ایسٹ ایسکس افریقن کیریبین ایسوسی ایشن کی جوزئفائن مل ویل، تھرڈ سپیس کی مایا الیگزینڈرا، مصنف کانفیڈینس آہوچے، BAME آفیسران میکسین سڈزا اور ثریا نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیبر پارٹی ہمیشہ بلیک، ایشین اور نسلی اقلیت کے لوگوں کے حقوق کے لئے بڑھ چڑھ کر کوششیں کرتی رہی ہے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا تداراک کیا جانا چاہئے۔

COVID-19 کے دوران روزانہ اسپتالوں، کیئر ہومز، اسکولوں، سپر مارکیٹوں، گوداموں اور ٹرانسپوراٹ کے نظام کو رواں دواں رکھنے میں ان افراد نے معاشرہ میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔ شرکاء نے مقامی اور قومی سطح پر BAME کمیونٹی کی تاریخ و ثقافت کے علم اور تفہیم کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سماجی ہم آہنگی کے پروگرامز کے متواتر انعقاد کا اعادہ کیا۔ تقریب میں ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں سیاہ فام کمیونٹی کی مشہور شخصیات کی تصاویر آویزاں کی گئیں اور معاشرے میں نسل پرستی کے خلاف شعور اجاگر کرنے والے مختلف نعروں والے پوسٹرز بھی آویزاں کئے گئے۔ مقامی فنکاروں نیتھن ڈوسیٹ، جان ہین بری، جل ویسٹ اور پابلو ہسی نے اپنی پرفارمنس سے حاضرین کے دل موہ لئے۔ شرکاء کی مشروبات اور روایتی کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes