کچھ جانتی ہو تو امریکی عدالت میں ضرور جائو؛ شہزادہ اینڈریو کیس میں میگھن مارکل کو والد کی تجویز – Kashmir Link London

کچھ جانتی ہو تو امریکی عدالت میں ضرور جائو؛ شہزادہ اینڈریو کیس میں میگھن مارکل کو والد کی تجویز

لندن (کشمیر لنک نیوز) شاہی خاندان کی حیثیت دستبردار ہونے والی میگھن مارکل کے امریکی والد نے بیٹی کو برطانوی شہزادے اینڈریو کے خلاف دائر ہراسانی مقدمے میں بیان ریکارڈ کرانے کی تجویز دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق میگھن کے والد تھامس مارکل نے اپنی بیٹی کو تجویز دی کہ اگر وہ برطانوی شہزادے اینڈریو کے کیس سے متعلق کچھ معلومات رکھتی ہیں تو امریکی تحقیقاتی ادارے کو بیان ضرور ریکارڈ کرائیں۔

تھامس مارکل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میگھن کے پاس اس حوالے سے معلومات ضرور ہوں گی کیونکہ وہ شاہی محل کا حصہ رہی ہیں‘۔ انکا کہنا تھا کہ ’اب وقت ہے کہ میگھن کو خاموشی توڑ کر ساری حقیقت عیاں کردینی چاہیے کیونکہ وہ اب برطانیہ میں نہیں اور اُن پر کوئی دباؤ بھی نہیں ہوگا‘۔ میگھن کے والد کا کہنا تھا کہ ’تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کے حوالے سے میگھن کے پاس اب کوئی بہانہ نہیں ہوگا کیونکہ وہ آزاد ہیں اور شاہی خاندان کا حصہ بھی نہیں جبکہ شہزادے اینڈریو نے اپنے خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا‘۔

واضح رہے کہ برطانوی شہزادے اینڈریو پر امریکی خاتون نے ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے نیویارک عدالت میں درخواست دائر کی تھی، جس پر اینڈریو کی قانونی ٹیم نے عدالت میں کیس کو خارج کرنے کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے مقدمہ جاری رکھنے کا اعلان کردیا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes