تعلیم یافتہ پاکستانی نوجوان برطانیہ میں’چائے اڈہ‘ شروع کرنے والا پہلا شخص بن گیا – Kashmir Link London

تعلیم یافتہ پاکستانی نوجوان برطانیہ میں’چائے اڈہ‘ شروع کرنے والا پہلا شخص بن گیا

لندن (کشمیر لنک نیوز) اس امر میں شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ رب ذوالجلال نے پاکستانیوں کو بیش بہا نعمتوں سے نوازا ہے جن میں ایک ذہانت بھی ہے، تاریخ بتاتی ہے کہ جب بھی کسی پاکستانی نے کچھ کرنے کی ٹھان لی تو وہ اس وقت تک سامنے نہیں آجاتا جب تک کامیاب نہ ہوجائے۔ کچھ ایسی ہی کہانی برطانیہ میں تعلیم یافتہ پاکستانی نوجوان طیب شفیق کی بھی ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے باوجود انہوں نے چاکری کرنے کی بجائے اپنا بزنس کرنے کا سوچا۔

پہلے لندن کے متروکہ ٹیلی فون بوتھز کو استعمال میں لاکر بریانی بیچنے کا آئیڈیا اپنایا تو کچھ برطانوی ریگولیٹری قوانین آڑے آگئے لیکن ہمت نہیں ہاری۔ اب یہی نوجوان برطانیہ میں ایک ’’چائے اڈا‘‘ کیفے شروع کرنے والا پہلا شخص بن گیا ہے جو ادائیگی کے لئے صرف پائونڈز یا ڈالرز ہی نہیں لیتا بلکہ کرپٹو کرنسی کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ طیب زفیق نے مغربی لندن کے علاقے شیفرڈ بش میں چائے اڈہ کافی شاپ قائم کی ہے، جہاں مختلف قسم کی پاکستانی اور ایشیائی چائے، پراٹھے، بریانی، کباب اور رول فروخت کئے جاتے ہیں۔

اپنی تعلیم کو انہوں نے صرف کتابوں تک محدود نہیں رہنے دیا بلکہ بزنس آئیڈیاز میں بھی استعمال کیا ہے اور اپنی شاپ کو لاہوری ٹرک آرٹ سے مزین کیا ہے جسکی وجہ سے وائٹ سٹی بس سٹیشن کے بالکل ساتھ واقع چائے اڈہ فوری طور پر مقبول ہو گیا ہے، کیونکہ باہر پاکستانی ٹرک آرٹ میں سجی ہوئی رنگ برنگی کرسیاں رکھی گئی ہیں جوکہ عوام کی توجہ اپنی طرف مبذول کرا رہی ہیں۔ اس چائے اڈہ پر صارفین کلاسک بٹ کوائن کے ساتھ ساتھ لائٹ کوائن، ورج، ایکس پی آر، بٹ کوائن کیش، ایتھریم اور ہوریزن کی شکل میں ڈیجیٹل کرنسی کا استعمال کرتے ہوئے چائے اور پکوان کے لئے ادائیگی کر سکتے ہیں۔

کرپٹو کرنسی میں لین دین کے حوالے سے وہ جانتے ہیں کہ اس میں خطرات شامل ہیں لیکن ان کی نظر میں یہ مستقبل ہے۔ انکا کہنا ہے ہمیں مستقبل کو دیکھنا ہے۔ مجھے ایمانداری سے یقین ہے کہ کرپٹو مستقبل ہے۔ یہ یہاں رہنے کے لئے ہے اور یہ پہلے ہی اچھی طرح سے کام کر رہا ہے۔ یہ ایک حقیقت بن چکا ہے۔ چائے اڈہ قائم کرتے وقت مجھے یقین تھا کہ کرپٹو، میٹاورس، این ایف ٹی (ڈیجیٹل دنیا) مستقبل ہیں اور میں صرف کرپٹو کرنسی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لئے اپنا چھوٹا سا کردار ادا کرنا چاہتا تھا۔

اپنے مینو بارے طیب شفیق نے کہا کہ ہمارے پاس مسالہ چائے، الائچی چائے، دار چینی کی چائے ہے جبکہ گلابی کشمیری چائے ہماری سب سے زیادہ فروخت ہونے والی چیز ہے۔ مختلف اقسام کی چائے کے ساتھ ہم چکن تکہ، چکن بریانی، سیخ کباب بھی پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سموسے اور چائے ریستوران کا سب سے پسندیدہ مینو ہے۔ ہم کیک بھی بناتے ہیں، جن میں سرخ مخمل، لوٹس بسکاف اور پستے کے دودھ کا کیک بھی شامل ہے جو بہت مشہور ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes