سابق میئر برینٹ چوہدری اسلم سیاست سے ریٹائیرڈ، پوتا ثقلین چوہدری کونسلر کا امیدوار نامزد – Kashmir Link London

سابق میئر برینٹ چوہدری اسلم سیاست سے ریٹائیرڈ، پوتا ثقلین چوہدری کونسلر کا امیدوار نامزد

لندن (کشمیر لنک نیوز) سابق میئر چوہدری محمد اسلم کے پوتے ثقلین آفتاب چوہدری کو برینٹ بارو کونسل لندن سے لیبر امیدوار نامزد کر دیا گیا، یہ لیبر پارٹی کی مضبوط اور محفوظ سیٹ ہے۔لیبر پارٹی کے نامزد امیدوار ثقلین آفتاب چوہدری کا آبائی تعلق کھوئی رٹہ ضلع کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے۔ لندن بارو کونسل آف برینٹ کے سابق میئر چوہدری محمد اسلم برطانیہ کی انتخابی سیاست سے 18سال بعد ریٹائرڈ ہوگئے جس کے بعد ان کے انتخابی وارڈ سے ان کے 22سالہ پوتے ثقلین آفتاب چوہدری کو آئندہ ماہ ہونے والے برینٹ بارو کونسل آف لندن کے لوکل کونسل الیکشن میں لیبر پارٹی کا باضابطہ امیدوار نامزد کیا گیا ہے ۔

ثقلین آفتاب چوہدری اعلیٰ تعلیم یافتہ سیاسی ورکر ہیں، جن کی برینٹ لندن ولزڈن گرین کمیونٹی میں اچھی شہرت ہے، وہ نوجوانوں اور کمیونٹی میں سماجی خدمات کی بنا پر انتہائی مقبول ہیں ، 22سالہ نوجوان ثقلین آفتاب چوھدری اپنی سیاسی و سماجی خدمات کے حوالے سے ممتاز پہچان رکھتے ہیں۔ ثقلین آفتاب پچھلے 8 سالوں سے لیبر پارٹی کے ممبر ہیں اور پچھلے 3 سالوں سے برینٹ سنٹرل CLP کےخزانچی بھی ہیں۔ مقامی برانچ آرگنائزر اور GC، EC کے مستقل ممبر ہیں۔ برینٹ یوتھ پارلیمنٹ کے صدر کے طور پر دو سال تک خدمات انجام دینے پر انہیں “پرائیڈ آف برینٹ پریسٹیجیئس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے لیبر فرینڈ آف پاکستان کے ممبر و ہاؤس آف کامنز کے نوجوانوں کے نمائندے کے طور پر فعال کردار ادا کیا۔

وہ متعدد شیڈو کابینہ کے اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں، ثقلین آفتاب چوہدری پیشے کے لحاظ سے اکاؤنٹنٹ ہیں اور چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ – CIMA میں ایک بڑے ملٹی نیشنل گروپ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سسیکس یونیورسٹی سے گریجویشن اور مالیات کے ساتھ بی ایس سی اکاؤنٹنسی بھی کی ہے۔ ثقلین آفتاب چوھدری نے جنگ لندن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا وہ انتحابی سیاست میں اپنے دادا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کے جذبہ سے میدان سیاست میں اترے ہیں، برطانوی سیاست میں نوجوانوں کا مثبت کردار وقت کی ضرورت ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes