یورپ میں مقیم سینیئر پاکستانی صحافی خالد فاروقی کے انتقال پر پاکستان پریس کلب کا اظہارافسوس – Kashmir Link London

یورپ میں مقیم سینیئر پاکستانی صحافی خالد فاروقی کے انتقال پر پاکستان پریس کلب کا اظہارافسوس

لندن (عمران راجہ) یورپ میں مقامی صحافت کا آغاز کرکے بلجئمم ،ہالینڈ ،جرمنی ۔فرانس ،اٹلی سے بیک وقت صحافت کا ستارہ بن کر چمکنے والے برسلز میں مقیم پاکستانی صحافی خالد فاروقی حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ مرحوم ایک انتہائی ذمہ دار اور ایماندار صحافی تھے جنھوں نے یورپی یونین اور عالمی عدالت انصاف سے اعلیٰ میعار کی رپورٹنگ کی۔ خالد فاروقی اوورسیز میں پاکستانی صحافت اور رپورٹنگ کی بہترین مثال تھے۔

خالد فاروقی مرحوم زمانۂِ طالب علمی میں بائیں بازو کی طلبا تنظیم ڈیموکریٹک سٹوڈنٹس فیڈریشن سے وابستہ رہے اور پاکستان کی جمہوری تحریکوں میں پیش پیش رہے۔ جب بھی انسانی حقوق کے دفاع کے لیے مدد کی ضرورت ہوتی تو خالد فاروقی اپنی خدمات رضاکارانہ طور پر پیش کرتے تھے۔ اہل صحافت خالد فاروقی کے بعد نہ صرف ایک بہترین دوست سے محروم ہوگئے ہیں بلکہ پاکستانی صحافت کا ایک درخشندہ ستارہ ڈوب گیا ہے۔ اس دارِ فانی میں مزید ایک عظیم انسان کم ہو گیا ہے۔

پاکستان پریس کلب برطانیہ کے صدر مبین چوہدری، سیکریٹری ارشد رچیال و دیگر عہدیداران نے خالد فاروقی مرحوم کی اچانک رحلت پر سخت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انکے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مبین چوہدری کا کہنا تھا کہ خالد فاروقی ایک انتہائی شفیق صحافی ساتھی تھے، سینیئر ہونے کی وجہ سے وہ علم کا ایک سمندر تھے۔ یورپ میں جب بھی کسی کو انکی مدد کی ضرورت پیش آئی وہ بنا کسی حیل و حجت کے اسکی مدد کو میدان میں اتر آتے۔

50% LikesVS
50% Dislikes