جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی کال پر اوورسیز میں بھی یاسین ملک سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے – Kashmir Link London

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی کال پر اوورسیز میں بھی یاسین ملک سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے

لندن (عدیل خان) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیراہتمام حریت رہنما یاسین ملک سے اظہار یکجہتی کیلئے دنیا بھر میں مظاہرے کئے گئے۔ برطانوی دارالحکومت لندن، یورپی دارالحکومت برسلز، امریکہ اور پاکستان سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں ہونے والے مظاہروں میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی اور مظاہرین نے بھارت اور اس کی عدلیہ کے متعصبانہ رویے کی مذمت کی اور یاسین ملک کی جلد رہائی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں نے اپنے اپنے بھارتی سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔ مقامی پارٹی قائدین کی قیادت میں یہ احتجاجی ریلیاں بھارتی حکومت اور اس کی عدلیہ کے جے کے ایل ایف کے زیر حراست چیئرمین مسٹر یاسین ملک کے خلاف غیر جمہوری، غیر قانونی اور متعصبانہ رویہ کے خلاف نکالی گئیں جن پر بدنام زمانہ NIA کے ذریعے فرضی، من گھڑت اور سیاسی طور پر محرک مقدمات میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

لندن بھارتی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرے میں کشمیریوں سے یکجہتی اور بھار سرکار کے مظالم پر خوب نعرے بازی کی گئی۔ لبریشن فرنٹ کی طرف سے چیئرمین ڈپلومیٹک بیورو پروفیسر راجہ ظفر خان، چیف آرگنائزر صابر گل، جے کے ایل ایف یو کے صدر لیاقت علی لون اور جے کے ایل ایف سپریم کونسل کے ممبران طارق شریف اور ایس ایم ابراہیم ایڈووکیٹ نے احتجاج کی قیادت کی جبکہ کئی دیگر زونل رہنماوں سید تحسین گیلانی، تنویر ملک، یوسف چودھری، حاجی راسب کشمیری، راجہ اسد کیانی، سردار نسیم اقبال ایڈووکیٹ، سنور حسین، گلفراز خان، حفیظ خان، جمیل اشرف، یاسر نوید، اعجاز ملک، حاجی اقبال اور مشتاق ملک بھی احتجاج میں شریک تھے۔ ساجد شاہین اور خواجہ حسن (JKNAP) اور حاجی یاسین (KFM) کے ساتھ کشمیری تارکین وطن کمیونٹی کی بڑی تعداد نے احتجاج میں شرکت کی۔

برسلز میں میں منعقد احتجاج کی قیادت وائس چیئرمین سردار زاہد حسین خان، ڈاکٹر اشتیاق خالق (زونل سیاسی کمیٹی کے سربراہ)، ڈاکٹر سردار اشتیاق احمد خان (سینئر لیڈر)، ظہیر زاہد (زونل جنرل سیکریٹری) اور محمد الطاف (صدر بیلجیم) نے کی۔ یورپی یونین کے دارالحکومت برسلز، بیلجیئم میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں درجنوں پارٹی ممبران کے علاوہ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے دوستوں کے ہمراہ شرکت کی۔

نیویارک میں بھارتی قونصل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی قیادت پارٹی رہنماؤں محمد حلیم خان (صدر JKLF USA)، راجہ مختار (نائب صدر)، اشرف گلشن (جنرل سیکرٹری)، سردار حلیم خان (سینئر رہنما) اور دیگر نے کی۔ محمود بھٹی، راشد محمود، حاجی شفیق وغیرہ سمیت درجنوں سینئر رہنما اور ممبران نے بھی احتجاج کی کال پر لبیک کہا۔ مظاہرین نے نے بھارت کی حکومت اور عدلیہ کے غیر جمہوری رویے کے خلاف احتجاجی یادداشت بھی حوالے کرنے کی کوشش کی لیکن بھارتی قونصل خانے کے نمائندے نے اسے حاصل کرنے سے انکار کر دیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes