مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ انکی آواز دنیا کے ہر اہم فورم پر اٹھائینگے؛ بیرسٹر سلطان محمود – Kashmir Link London

مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ انکی آواز دنیا کے ہر اہم فورم پر اٹھائینگے؛ بیرسٹر سلطان محمود

لندن (اکرم عابد) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے لندن میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ہمراہ برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ 10ڈاؤننگ اسٹریٹ میں برطانوی وزیراعظم کو کشمیری عوام کے حق خود ارادیت، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی، بالخصوص یاسین ملک کی رہائی کے سلسلہ میں ایک یاداشت پیش کر دی۔اس یاداشت میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانیہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور بربریت رکوانے، یاسین ملک کی رہائی اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ وفد میں برطانوی ہاؤس آف لارڈ کی رکن لارڈ قربان حسین، ممبر برطانوی پارلیمنٹ مرزا خالد محمود، ممبر برطانوی پارلیمنٹ عمران حسین، ممبر برطانوی پارلیمنٹ راجہ یاسین، ممبر برطانوی پارلیمنٹ جیس فلپس (Jess Phillips)، ممبر برطانوی پارلیمنٹ پال برسٹو (Paul Bristow) اور تحریک کشمیر کے رہنما فہیم کیانی اور چوہدری شریف بھی شامل تھے۔

برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ پر یاداشت پیش کرنے کے بعد صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بعد ازاں مقامی اور انٹر نیشنل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ نے بھی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ آج ہم نے یہاں 10ڈاؤننگ اسٹریٹ میں برطانوی وزیراعظم کو بھی اس سلسلے میں ایک یاداشت پیش کر دی ہے اور ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کی آواز دنیا کے ایوانوں اور ہر فورم تک پہنچانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے۔
صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت ختم ہو، برطانوی حکومت کی یہ زیادہ ذمہ داری ہے کیوں کہ مسئلہ کشمیر اس وقت پیدا ہوا تھا۔جب برطانیہ اپنے دو سو سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد تقسیم بر صغیر کے موقع پر یہاں سے گیا تھا۔ لہذا برطانیہ کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
میں نے اپنے دورے کے دوران یہاں کی مختلف کونسلز، برطانوی پارلیمنٹ اور اب یہاں برطانوی وزیراعظم تک بھی کشمیری عوام کا مقدمہ پیش کر دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے اپنا کردار ادا کریں۔

50% LikesVS
50% Dislikes