عید کی خوشیاں دوبالا، نائجیریا میں اغوا ہونے والے پاکستانی ڈاکٹر کو اغوا کاروں سے رہائی مل گئی – Kashmir Link London

عید کی خوشیاں دوبالا، نائجیریا میں اغوا ہونے والے پاکستانی ڈاکٹر کو اغوا کاروں سے رہائی مل گئی

لندن (کشمیر لنک نیوز) نائیجیریا میں اغوا ہونے والے پاکستانی ڈاکٹر کی گھر والوں کی عید کی خوشیاں دوبالا، مغوی ڈاکٹر کو رہائی مل گئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائیجیریا میں اغواکاروں کے ہاتھوں مغوی بنائے گئے پاکستانی شہری ڈاکٹر ابوذر محمد افضل کو نائیجیریا میں اغواکاروں سے رہائی مل گئی ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستانی ڈاکٹر کی اغواکاروں سے رہائی پر نائیجیریا کی حکومت اورعوام کا شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ابوذر محمد افضل نائیجیریا میں ایک شپنگ کمپنی میں ملازمت کر رہے تھے، 28 مارچ 2022 کو درجنوں مسافروں سمیت انہیں بھی یرغمال بنا لیا گیا تھا۔ اغواکاروں کی جانب سے ایک ماہ قبل 13 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ رات رہا کیے گئے 7 یرغمالیوں میں ڈاکٹر ابوذر واحد غیر ملکی ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق ڈاکٹر ابوذر کو ابوجہ میں پاکستان ہائی کمیشن نے سفری دستاویزات جاری کر دیے ہیں وہ آج رات نائیجیریا سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes