پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں لندن کی سرخ بسوں پر برانڈ پاکستان مہم کا آغاز

لندن (عمران راجہ) آزادی پاکستان کے پچھتر سال مکمل ہونے پر جہاں حکومت پاکستان سرکاری طور پر جشن آزادی کی تقریبات کا اہتمام کررہی ہے ہویں مختلف کاروباری حلقے اور شخصیات بھی اپنی اپنی سوچ کے مطابق جشن آزادی کے حوالے سے منفرد آئیڈیاز سامنے لارہے ہیں۔ ایسا ہی ایک آئیڈیا ون ہومز نے پاکستان ہائی کمیشن لندن کے تعاون سے لانچ کیا ہے جسکے تحت لندن میں چلنے والی متعدد بسوں پر پاکستانی آرٹ سے مزین تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔

برانڈ پاکستان مہم ہائی کمیشن کی پاکستان کی 75ویں یوم آزادی کی تقریبات کا حصہ ہے۔ تقریباً 100 ڈبل ڈیکر بسیں پاکستان کی تاریخی یادگار اور سیاحتی مقامات کی شاندار تصاویر کے ساتھ اس کی متنوع ثقافت، تاریخ اور معاشی طاقت کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس مہم میں اسلام آباد مونوومنٹ ،مشہور پہاڑی چوٹی K2؛ بادشاہی مسجد؛ ایکسپو سینٹر دبئی اور پاکستان میں تیار ہونے والے 3 ورلڈ کپ فٹ بال کی شاندار تصاویر شامل ہیں۔ ۔ یہ مہم لندن کے مصروف ترین راستوں پر چلائی جائے گی جن میں آکسفورڈ اسٹریٹ، ایج ویئر روڈ، پکاڈیلی سرکس اور لندن کے مشہور ہیروڈز اسٹورز شامل ہیں، جہاں اس مہم کے دوران 10 ملین سے زائد افراد کی جانب سے دیکھے جانےکی امید ہے۔

اگست کا مہینہ لندن میں سیاحت کا سب سے بڑا موسم ہوتا ہے ہے اور اس لیے پاکستانی ثقافت، تاریخ اور سیاحت کی صلاحیت کو اس کے دلکش مناظر اور دنیا کی چند بلند ترین چوٹیوں کے ساتھ دکھانے کا بہترین وقت ہے ۔ کیونکہ دنیا کے سیاحوں، کوہ پیماؤں اور ثقافت کے دلدادہ افراد کے لیے پاکستان میں نایاب پرکشش مقامات ہیں۔ برانڈ پاکستان مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے ہائی کمشنر معظم احمد خان نے ون ہومز کے عاقب حسن کا لندن میں مہم شروع کرنے میں ہائی کمیشن کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ برانڈ پاکستان مہم پاکستان کی سیاحت کی صلاحیت، قدیم تاریخ، ثقافتی تنوع پاکستان کے امیج کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں