سیلاب کی تباہ کاریوں پر وزیر اعظم اور ملکہ برطانیہ کا پاکستانی عوام سے اظہار ہمدردی – Kashmir Link London

سیلاب کی تباہ کاریوں پر وزیر اعظم اور ملکہ برطانیہ کا پاکستانی عوام سے اظہار ہمدردی

لندن (عمران راجہ) پاکستان کے دوست ملک برطانیہ نے حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے ہونے والی تباہ کاریوں پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ ملکہ برطانیہ اور وزیر اعظم برطانیہ نے الگ الگ پیغامات میں پاکستان کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ان شخصیات نے مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا ہے ۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بحالی اور امداد میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ انہیں پاکستان میں سیلاب سےتباہی دیکھ کربہت دکھ اور صدمہ ہوا۔

وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت پاکستان کےسیلاب متاثرین کیلئےتعاون کررہی ہے۔ برطانیہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کےعوام کے ساتھ ہے۔ برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے1.5ملین پاؤنڈزامداد کا اعلان بھی کیا۔ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اس امداد پر بورس جانسن کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان عوام کو پاک برطانیہ دوستی پر فخر ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن نے کہا کہ شدید مون سون بارشوں نےلاکھوں افراد کومتاثرکیا ہے ہائی کمیشن نے بھی پاکستان میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد اور کم وبیش 7 لاکھ گھر تباہ ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے قدرتی آفت سےنمٹنےکیلئے فوری امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوز رپورٹس کے مطابق پاکستانی اوریجن لارڈ طارق احمد نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی حکام کے ساتھ بھی براہ راست کام کر رہے ہیں اور کہا کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں شامل ہر فرد کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes