لندن (کشمیر لنک نیوز) آنجہانی ملکہ برطانیہ پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے دل میں بڑا نرم گوشہ رکھتی تھیں یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں نے انکی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر میں اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین نے ملکہ کی تفدین کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کیا، وہ ملکہ کی تدفین کے سلسلے میں خصوصی طور پر برطانیہ آئے تھے۔
لارڈ قربان حسین کے ہمراہ ملکہ کی آخری رسومات میں شرکت کے موقع پر انکا کہنا تھا کہ میرے لیے باعث عزت اور اعزاز ہے کہ میں نے کشمیریوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کی ۔ ملکہ برطانیہ کا پاکستان کے ساتھ قریبی تعلق تھا، انہوں نے پاکستان کا دورہ بھی کیا، پاکستانی اور کشمیریوں کا ملکہ برطانیہ سے عزت اور احترام کا رشتہ تھا ، امید ہے نومنتحب بادشاہ چارلس اس تعلق اور مضبوط رشتے کو آگے بڑھائیں گے۔
چوہدری یاسین کا مزید کہنا تھا کہ وہ دو دن بعد جنیوا روانہ ہوں گے اور کشمیریوں کے مظاہرہ کی قیادت کریں گے۔ چوہدری یاسین نے کہا آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے، حکومتی امور چلانے میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس مکمل نا کام ہیں،ہم بہت جلد ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے، انہوں نے کہا پارٹی صدر کی حیثیت سے اور ماضی کی روایات کو سامنے رکھتے ہوئے وزارت عظمیٰ کا فیصلہ میرے حق میں ہو گا۔