لندن (عدیل خان) ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر وزیر اعظم عمران خان کو ایک فتنہ قرار دیتے ہوئے ان سے کسی قسم کے مذاکرات سے انکار کردیا ہے، چار سال بعد لندن واپس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ مذاکرات تو دور کی بات ہمیں اس کے ساتھ بیٹھنا بھی نہیں بلکہ اسے عبرت کا نشان بنانا ہے تاکہ موصوم اور بھولی بھالی عوام کو اسکی اصلیت کا پتہ چل سکے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آڈیو لیکس نے اس کے بیانیے کا تیا پانچہ کردیا ہے، اس کے تمام بیانیے غلط ثابت ہوئے ہیں، لوگوں کو لوٹوں کے خلاف بھڑکاتا ہے اور خود بند دروازوں کے پیچھے خرید و فروخت کر رہا ہے،ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگانے والے نے خود منڈیاں سجارکھی تھیں۔ آڈیو لیکس کے معاملے کے بعد میں کہنا چاہتی ہوں عمران خان کو یوں ہی فتنہ نہیں کہتی اس کی ہر چیز میں سے سازش نکلتی ہے، پہلے کہتا تھا ہارس ٹریڈنگ کرنے والے بُرے ہیں پھر خود اس میں ملوث نکلا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان بند کمروں میں ارکان کی خرید و فروخت کی منڈیاں لگاکر بیٹھا رہا، 2018ء کے الیکشن میں نواز شریف سے جیتنا ممکن نہیں تھا، اس لئے اس کے جیتنے والے ارکان کو الیکشن سے باہر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر جھوٹا مقدمہ بنا کر عمران خان کی جیت کی راہ ہموار کی گئی، کس کو پتہ نہیں کہ بلوچستان میں کیا ہوتا رہا۔