نبی پاک کی ذات اقدس سے لازوال محبت وکامل اطاعت ہمارے دین کا بنیادی جزو ہے؛ وقاص ساگر

لندن (عمران راجہ) پی ٹی آئی لندن کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل میلاد النبیﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔ شاہ جہان مسجد کے امام سعید ہاشمی نے آپﷺ کی سیرت پر روشنی ڈالی،اس موقع پرپاکستان سے آئے نعت خواں تصدق رسول اور لندن میں مقیم نعت خوانوں نے گلہائے عقیدت پیش کئے،محفل میں سیرت النبیﷺ پر علمائے کرام نے خطاب کئے اور مختلف احادیث کا خلاصہ پیش کیا۔
علمائے کرام کا کہنا تھا کہ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیﷺ کی رسالت پر ایمان اور آپﷺ کی ذات اقدس سے لازوال محبت وکامل اطاعت ہمارے دینی تشخص، اجتماعی بقا اور مِلی استحکام کی بنیاد ہے،آپﷺ کی ختم نبوت پر غیر متزلزل یقین ہمارے ایمان کا ناگزیر جزو اور مسلمانوں کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب کو رحمت اللعالمین بناکر بھیجا ،نبی اکرمﷺ نے جو مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا وہ پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی لندن کے صدر وقاص ساگر نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق پی ٹی آئی پاکستان کی طرح لندن میں بھی سیرت النبیﷺ کے حوالے سےمحفل منعقد کرائی گئی۔ حضور نبی اکرمﷺ کی ولادت باسعات کی تاریخی خوشی میں مسرت و شادمانی کا اظہار ہے، یہ دن مسلمانوں کو حضور نبی اکرم ﷺپر درود و سلام جیسے اہم فرائض کی رغبت دلاتا ہے اور قلب و نظر میں ذوق و شوق کی فضا ہموار کرتا ہے۔